سرینگر/سرینگر۔جموں شاہراہ جمعہ کوبرفباری کے بعد تیسرے روز بھی گاڑیوں کی نقل و حمل کیلئے بند ہے جس کے نتیجے میں وادی کشمیر کے اندر بحرانی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
مذکورہ شاہراہ کوچار روز قبل یکطرفہ ٹریفک کیلئے کھولا گیا تھا تاہم شاہراہ پر برفباری اور پسیاں گر آنے کے بعد اس کو پھر بند کیا گیا۔
حکام کے مطابق شاہراہ پر جگہ جگہ پسیاں گر آئی ہیں۔
شاہراہ پرگذشتہ دو ہفتوں کے زیادہ عرصہ سے ٹریفک کی آوا جاہی میں رکاوٹیں درپیش ہیں جس کی وجہ سے وادی کشمیر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا حد تک اضافہ ہوا ہے۔
اہل وادی ایک طرف بجلی سپلائی سے محروم ہیں اوردوسری طرف تمام سڑکیں بھی بند پڑی ہیں۔ اس پر طرہ یہ کہ ضروری اشیاء کی کمی صاف طور پر نظر آرہی ہے جبکہ ناجائز منافع خور اورذخیرہ اندوز بھی عوام کیلئے سوہان روح بنے ہوئے ہیں۔