جموں//چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے کل یہاں ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ کے دوران سری نگر اور جموں شہروں میں میٹرو پالیٹین ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹیوں کی شروعات اور اس کے لئے وقت کی حد مقرر کرنے کے لئے افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے دونوں شہروں میں ماس ریپڈ ٹرانز ٹ کارپوریشن پرائیویٹ لمٹیڈ کی شروعات کا بھی جائزہ لیا۔دونوں کارپوریشن کی رجسٹریشن کے لئے ایک ہفتے کی مدت مقرر کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے مکانات و شہری ترقی محکمہ کے افسروں کو عہدہ داروں پر مشتمل ایک گروپ تشکیل دینے کی ہدایت دی جو سری نگر اور جموں شہروں میں ماسٹر پلان کو مدنظر رکھتے ہوئے میٹرو کے لئے روٹ کا تعین کریں گے ۔جس کے بعد ڈی پی آر کی تیاری کے لئے دلی میٹرو ریل کارپوریشن یا شری ای شری دھرن جیسے میٹروماہرین رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ڈی پی آر کی تیاری کے ساتھ ساتھ یہ سارا عمل اپریل 2019 ء تک مکمل کئے جانے کی ہدایت دی گئی ۔چیف سیکرٹری نے مکانات و شہری ترقی محکمہ سے کہا کہ وہ فنڈنگ کے لئے بیرونی وسائل مثلاً جاپان انٹرنیشنل کارپوریشن ایجنسی کے ساتھ رابطہ کرنے کے امکانات کا جائزہ لیں۔چیف سیکرٹری نے جموں اور سری نگر کے ایم آر ڈی اے کے چیف ایگزیکٹیو افسروں سے کہا کہ وہ دو سے تین لاکھ لوگوں پر مشتمل شہری قصبہ کو ترقی دینے کے لئے موزون علاقوں کی نامزدگی کریں ۔انہیں یہ عمل دونوں شہروں میں 15؍ مارچ 2019ء تک مکمل کرنے کے لئے کہا گیا۔چیف سیکرٹری نے بیرون ریاست مثلاً امرتسر ، چند گڈھ اور تامل ناڈو وغیرہ میں ریاستی حکومت کی جائیدادوں کے مناسب استعمال اور رکھ رکھائو کے لئے ایک منصوبہ پیش کیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی ، پرنسپل سیکرٹری ٹرانسپورٹ ، صوبائی کمشنر جموں ، ٹرانسپورٹ کمشنر ، جموں اور سری نگر میٹرو پالیٹین اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور میٹرو ریل ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے اعلیٰ عہدہ داروں کے علاوہ دیگر کئی افسران بھی موجود تھے۔