بانہال //جموں سرینگرشاہراہ پرسڑک کے تین الگ الگ حادثوں میں ایک سیاح کی موت ہوئی جبکہ ایک خاتون اور تین سیاحوں سمیت چھ دیگر مسافر زخمی ہوئے۔پہلا حادثہ اتوار بعددوپہر دوبجے رام بن کے کیفٹیریا موڈ علاقے میں اُس وقت پیش آیا جب جبل پور مدھیہ پردیش کے بارہ سیاحوں کو پہلگام سے شری ماتا ویشنو دیوی کٹرہ لیجارہی ایک ٹیمپو ٹرائولر پہاڑوں سے گر آنے والے پتھروں کی زد میں آگئی اور گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ۔ پتھر لگنے کی وجہ سے اس ٹیمپو ٹرائولر میں سوار بارہ مسافروں میں سے چار سیاح زخمی ہوئے ،جن میں سے ایک کی رام بن ہسپتال لے جاتے ہوئے موت واقع ہوگئی جبکہ تین دیگر زخمیوں سے ایک کو ضلع ہسپتال رام بن سے میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے اسے شدید زخم آئے ہیں۔ پولیس نے مرنے والے سیاح کی شناخت 23برس کے جسبردن ٹھاکر ولد سنجیش ٹھاکر ساکنہ جبل پور مدھیہ پردیش کے طور کی ہے۔ تین زخمیوں کی شناخت 25 سالہ وویکا ٹھاکر زوجہ مکیش سنگھ ٹھاکر، 50 سالہ سنجے ٹھاکر ولد موہن سنگھ ٹھاکراور 20 سالہ ونیش ولد سنجیش ٹھاکر ساکنان جبل پور مدھیہ پردیش کے طور ہوئی ہے۔ اتوار کی دوپہر بعد رام بن میں پیش آئے سڑک حادثے کے فورا بعد فورلین شاہراہ پر بانہال ٹنل اور ریلوے سٹیشن کے درمیان دو تیز رفتار کاروں کی ٹکر ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ مخالف سمت سے آرہی یہ دو کاریں فورلین شاہراہ پر ٹول پلازہ کے نزدیک آمنے سامنے سے ٹکرائیں اور ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی، جبکہ ایک بچی کو زخم آئے۔ انہوں نے زخمی خاتون کی شناخت 32برس کی صبرینہ بیگم زوجہ عارف احمد ساکنہ کلگام کے طور کی ہے اور اسے سر میں شدید زخم آنے کی وجہ سے مزید علاج اور سی ٹی سکین کیلئے ایمرجنسی ہسپتال بانہال سے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ۔ اس حادثے میں ایک چھ سالہ بچے کو بھی زخم آئے ہیں تاہم اس کی حالت مستحکم ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ تیسرا حادثہ اتوار کی سہ پہر رام بن کے نزدیک کیفٹریا موڈپر ہی ا س وقت پیش آیا جب جموں سے سرینگر آرہا ڈیزل سے لدھا ایک ٹینکر سڑک سے لڑھک کر دریائے چناب میں جاگرا۔ اس حادثے میں ڈرائیور گاڑی سے باہر گر کر چناب برد ہونے سے بچ گیا ،تاہم اُسے شدید زخم آئے ہیں اور وہ ضلع ہسپتال رام بن میں زیر علاج ہے۔ پولیس نے پیش آئے سڑک کے ان تین الگ الگ حادثات رام بن اور بانہال کے پولیس تھانوں میں ضابطے کی کاروائی عمل میں لائی ہے۔