سرینگر //اخروٹ صنعت سے وابستہ کشمیری کاشتکاروں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے مال کو بیرون ممالک کی منڈیوں تک پہنچانے میں اُن کی مدد کی جائے کیونکہ شاہراہ پر گاڑیوں کی چیکنگ کے نتیجے میں انہیں سخت دقتوں کا سامنا رہتا ہے ۔ جموں وکشمیر والنٹ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی بہادر خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کشمیر وادی میں اِن دنوں اخروٹ کی گری کی خرید وفروخت کا سیزن جوبن پر ہے لیکن مال کو بیرون منڈیوں تک پہنچانے میں ان کو کافی دقتیں پیش آرہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر بنا کسی جواز کے گاڑیوں کو روک دیا جاتا ہے پھر ٹیکس کے نام پر تاجروں سے بھاری جرمانہ وصول کیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں تاجر سے محکمہ ٹیکسز کے اہلکاروں نے شاہراہ کے مختلف مقامات پر گاڑیوں کو روک کر ان پر جرمانہ عائد کیا جس سے تاجر کافی پریشان ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کووِڈ- 19کے بیچ یہاں پر اس صنعت سے وابستہ افراد نے گھر گھر جا کر گری خریدنا شروع کیا اور تاجروں نے لاکھوں کا مال جمع کیا ہے، اب ان کو بیرون منڈیوں تک پہنچانے کیلئے کافی اڑچنیں آرہی ہیں ۔بہادر خان نے کہا کہ سرکار کو چاہئے کہ وہ اس جانب دھیان دے اور مال کو باآسانی بیرون منڈیوں تک پہنچانے کیلئے ان کی مدد کی جائے تاکہ لاکھوں کا مال یہاں ضائع نہ ہو ۔