سریندر چوہدری کا نوشہرہ میں شاندار استقبال

رمیش کیسر
نوشہرہ //سابق ایم ایل سی سریندر چوہدری کی جانب سے بھاجپا میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد نوشہرہ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا ۔غور طلب ہے کہ موصوف نے پی ڈی پی کو چھوڑ کر گزشتہ دنوں جموں میں بی جے پی کے دفتر میں پارٹی کے سینئر لیڈروں کے سامنے پارٹی میں شامل ہوئے تھے۔ پارٹی لیڈران بشمول جموں پونچھ کے رکن لوک سبھا جگل کشور شرما، بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر رینہ، سابق نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا، سابق ایم ایل سی ونود گپتا، دیویندر سنگھ رانا، منگل کو نوشہرہ پہنچنے اس دوران سینکڑوں کی تعداد میں کارکنوں نے پارٹی لیڈران کا استقبال کیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ جگل کشور شرما نے کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے ملک کے مفاد میں چلائی جا رہی مختلف فلاحی اسکیموں سے بہت متاثر ہوئے ہیںجبکہ سیاسی جماعتوں کے رہنما بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جو بھی کام کرتی ہے وہ ملک کے مفاد میں ہے اور مستقبل میں پارٹی عوامی فلاح و بہبود کیلئے اپنی خدمات جاری رکھے گی ۔ اس موقع پر دیویندر سنگھ رانا نے کہا کہ جب وہ قانون ساز کونسل کے رکن تھے تو سریندر چودھری کے ساتھ ان کے اچھے تعلقات تھے، وہ ایک مضبوط لیڈر ہیں جبکہ سابق ایم ایل سی وبودھ گپتا، سابق نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے کہاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈروں کی جانب سے رکھی گئی پارٹی کی بنیاد آج پختہ ہو گئی ہے جس کی وجہ سے پارٹی کے ممبران میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔