اننت ناگ// قاضی گنڈ میں زیر تعمیر سرکٹ ہائوس پر سست رفتاری سے کام جاری ہے ،جس کے سبب اس حوالے سے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔گیٹ وے آف کشمیر کہلانے والے قاضی گنڈ میں محکمہ تعمیرات عامہ نے 2010میں سرکٹ ہائوس پر کام شروع کیاتاہم 9سال گذرنے کے باوجود بھی کام مکمل نہیں ہوپایا ہے ۔ 5مئی 2010کو اُس وقت کے وزیر برائے تعمیرات غلام محمد سروری نے سرکٹ ہائوس کاسنگ بنیاد ڈالا،جس پر4.73کروڑ روپے خرچ آنے کا تخمینہ تھا ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اُن سے وعدہ کیا گیا تھا کہ سرکٹ ہائوس پر کام قلیل وقت میں مکمل کیا جائے گا لیکن تاحال وہ وعدہ وفا نہ ہوا ۔ایگزیکٹیو انجینئربشارت احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ فنڈس کی عدم دستیابی کے سبب کام میں رکاوٹ پیدا ہوگئی اور اُمید ہے کہ اگلے چند روز تک رقم واگذار ہوگی جس کے بعد اُدھورے کام کو مکمل کیا جائے گا۔