سرکار کے وعدے سراب ثابت:غلام حسن میر

سرینگر//ڈیموکریٹک پارٹی نیشنلسٹ کے صدر غلام حسن میر نے ریاست میں تعمیراتی پروجیکٹوں میں جاری کام میں سست رفتاری پر گورنر انتظامیہ کی تنقید کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گورنر انتظامیہ کی طرف سے پروجیکٹوں پر جاری کام مکمل کرنے کے وعدوں کا زمینی سطح پر کہیں نام و نشان نہیں ہے۔میر نے ریاست میں مختلف تعمیراتی پروجیکٹوں پر جاری کام میں سست روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر کی طرف سے پروجیکٹوں پر جاری کام مکمل کرنے کے وعدے سراب ثابت ہورہے ہیں ۔ ٹنگمرگ بارہمولہ میں ایڈمنسٹریٹیو کمپلکس پر جاری کام کی مثال پیش کرتے ہوئے ڈی پی این صدرنے کہاکہ اس پروجیکٹ پر سال 2010میں کام شروع کیا گیا تھا تاہم 9سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود بھی اس پروجیکٹ کو مکمل نہیں کیا گیا ۔انہوں نے ریاستی سرکار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے پروجیکٹوں پر جاری کام کو جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جانا چاہئے۔