سرکاری ہینڈ پمپوں پر نجی موٹریں لگانے کا معاملہ سنگین

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں سرکاری طورپر نصب کر دہ ہینڈ پمپوں میں اثر ورسوخ رکھنے والے لوگوں کی جانب سے نجی طورپر موٹریں نصب کردی ہیں جس کی وجہ سے سینکڑوں کنبوں کا پانی بند ہو گیا ہے ۔متاثرین نے بتایا کہ محکمہ جل شکتی کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے سب ڈویژن کی 80فیصد واٹر سپلائی سکیمیں پہلے سے ناکارہ پڑی ہوئی ہیں تاہم لوگوں کے پاس ہینڈ پمپوں کے ذریعہ پانی حاصل کرنے کا واحد ذریعہ موجود تھا لیکن اب ان ہینڈ پمپوں پر بھی سیاسی اثر ورسوخ رکھنے والے لوگوں نے قبضہ کر کے ذاتی موٹریں نصب کر دی ہیں جس کی وجہ سے وہ اپنے گھروں میں ہی پانی سپلائی کررہے ہیں جبکہ ملحقہ علاقوں کے رہائش پانی کی شدید قلت سے پریشان ہو گئے ہیں ۔غور طلب ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے مینڈھر تحصیل کیساتھ ساتھ سرحدی تحصیل منکوٹ اور بالاکوٹ کے کئی دیہا ت اور مرکزی مقامات پر ہینڈ پمپ نصب کئے گئے تھے تاہم ان ہینڈ پمپوں میں سے کئی ایک پہلے سے ہی خراب پڑے ہوئے ہیں تاہم اب کچھ پمپوں پر لوگوں نے ذاتی مداخلت کر کے موٹریں نصب کر دی ہیں جس کی وجہ سے کئی کنبوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگو ں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری ہینڈ پمپوں پر کی گئی مداخلت کے سلسلہ میں کارروائی عمل میں لائی جائے ۔