سرکاری دفاتر کو منتقل کرنے کیخلاف بفلیاز میں احتجاج

بختیار کاظمی
سرنکوٹ//مغل شاہراہ پر ٹرما ہسپتال تعمیر نہ ہونے کیساتھ ساتھ سرکاری دفاتر کی منتقلی کو لے کر سرنکو ٹ کے بفلیاز علاقہ میں مکینوں نے انتظامیہ مخالف احتجاج کیا ۔مظاہرین نے انتظامیہ کو الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پہلے سے ہی بفلیاز علاقہ میں بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں تاہم اب مذکورہ مقام پر قائم کردہ سرکاری دفاتر اور ایک ہائر سکینڈری سکول کو بھی منتقل کرنے کا پلان مرتب کیا گیا ہے جس سے عام لوگوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔احتجاج کی وجہ سے ٹریفک نظام میں بھی خلل آیا جبکہ مظاہرین نے قصبہ کو بھی بند کروادیا ۔مظاہرین نے کہاکہ مغل شاہراہ پر ٹرما ہسپتال کی تعمیر کے سلسلہ میں گزشتہ کئی عرصہ سے انتظامیہ سے مانگیں کی جارہی ہیں لیکن برسوں بعد بھی اس جانب کوئی دھیان نہیں دیا جارہا ہے جبکہ اسی طرح مذکورہ علاقہ سے نیابت ،پٹوار خانہ اور ہائر سکینڈری سکول کو منتقل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جس کی وجہ سے وسیع علاقہ کی عوام کے متاثر ہو نے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے اقدامات نہ اٹھائے جائیں جبکہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی بنیادوں پر کام کیا جائے ۔