سرینگر //وادی کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی ہونے کا خدشہ لاحق ہوگیا ہے کیونکہ جموں و کشمیر سرکار کی ہدایت پر مختلف میڈیکل کالجوں میں تعینات اُن جونیئر اور سینئر ریذیڈنٹ ڈاکٹروں کو فارغ کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے جنہیں ایڈہاک بنیادوں پر ہنگامی صورتحال کی وجہ سے تعینات کیا گیا تھا اور جن کی مقررہ معیاد مکمل ہوچکی ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ محکمہ صحت میں ان ڈاکٹروں کو مستقل بنیادوں پر ملازمت فراہم کی جاتی ہے جن کی تقرری پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ ہوتی ہے اور اسکے لئے باضابطہ طور پر امتحان دینا پڑتا ہے۔جو ڈاکٹر پبلک سروس کمیشن کے سند یافتہ نہیں ہوتے ہیں وہ سرکاری نوکری کے اہل قرار نہیں دیئے جاتے۔ عالمی وباء کی وجہ سے مئی 2021میں جموں و کشمیر سرکار نے ایسے ایڈہاک ڈاکٹروں کو 31دسمبر تک کام جاری رکھنے کی ہدایت دی تھی۔7ماہ بعد 26دسمبر کو جموں و کشمیر سرکار نے تمام میڈیکل کالجوں کو ہدایات جاری کیںکہ وہ ان تمام جونیئر ، سینئر رزیڈنٹ ڈاکٹروں اور رجسٹراروں کو31دسمبر تک فارغ کریں۔سنیچر کی صبح شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں31جونیئر ریذیڈنٹ ڈاکٹروں کو فارغ کرنے کا حکم نامہ جاری کیا گیا۔سکمزکی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ زیر نمبر SIMS/ACD/1158/2021بتاریخ 31دسمبر 2021میں لکھا گیا ہے کہ 31جونیئرریذیڈنٹ ڈاکٹروں کو فارغ کردیا گیا ہے۔ ایڈمنسٹرٹیو آفیسر ایکڈمکس شوکت لولو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ 31جونیئر ریذیڈنٹ ڈاکٹر اسپتال سے فارغ ہوگئے ہیں۔ میڈیکل کالج بارہمولہ میں 15سینئر اور جونیئر ریذیڈنٹ ڈاکٹروںکو فارغ کردیا گیا ۔گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر نے مذکورہ سرکاری حکم نامہ پر عمل نہیں کیا ہے۔میڈیکل کالج سرینگر کے مختلف شعبہ جات اور اسپتالوں میں 70سے زائد جونیئر اور سینئر ریذیڈنٹ ڈاکٹر تعینات ہیں ۔کالج ترجمان ڈاکٹر محمد سلیم خان نے کہا ’’ہم نے فی الحال اس حکم نامہ پر عمل نہیں کیا ہے کیونکہ سینئر اور جونیئر ریذیڈنٹ ڈاکٹر اسپتالوں کی ریڈھ کی ہڈی ہوتے ہیں اور ان کو اچانک فارغ نہیں کیا جاسکتا ‘‘۔ ڈاکٹر سلیم نے کہا ’’ ان ڈاکٹروں کو فارغ کرنے سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا‘‘۔ پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ ڈاکٹر روبی ریشی نے بتایا ’’ سرکاری حکم نامہ کے بعد جی ایم سی بارہمولہ سے 15ڈاکٹروں کو فارغ کیا گیا ‘‘۔انہوں نے کہا کہ ان میں 3سینئر ریذیڈنٹ اور 12جونیء ریذیڈنٹ ڈاکٹر شامل ہیں۔ جی ایم سی اننت ناگ میں 39کو نوکری سے فارغ کردیا گیا ۔پرنسپل میڈیکل کالج اننت ناگ ڈاکٹر سیدطارق قریشی نے بتایا ’’ 39ریذیڈنٹ ڈاکٹرفارغ ہوگئے ہیں جبکہ اسپتال میں 35نئے ریذیڈنٹ ڈاکٹر تعینات کردیئے گئے ہیں۔ حکومت کی جانب 26دسمبر کو جاری کئے گئے حکم نامہ میں لکھا گیا تھا کہ عمل نہ کرنے والے میڈیکل کالجوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔
سرکاری حکم پر عمل آوری کا آغاز | اسپتالوںسے ایڈہاک 85سینئر اور جونیئر ڈاکٹرفارغ
