راجوری//پشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے راجوری ضلع کے حلقہ انتخاب کالا کوٹ کے منوہ برواری اور بندی گالا علاقوں میں عوامی شکایات کے ازالے کے کیمپ منعقد کئے۔کیمپ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے حصہ لیا اور وزیر کو اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔کوہلی نے لوگوں کے مطالبات بغور سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ اُن کے تمام جائیز مطالبات پر غور کیا جائے گا۔ وزیر نے موقعہ پر متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کو درپیش مسائل جلد از جلد حل کریں۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت سماج کے پچھڑے طبقوں اور مفلس لوگوں کو با اختیار بنانے کی متمنی ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین اور بُزرگ افراد بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے ترقیاتی و تعمیراتی پروگراموں سے متعلق سکیموں سے استفادہ کریں۔ضلع انتظامیہ کے سینئر افسران اور معزز شہری بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔