کوٹرنکہ //جموں وکشمیر سرپنچ اینڈ پنچ ڈیمو کریٹک فورم کا بدھل میں ایک اجلاس منعقد ہو ا ۔اس اجلاس میں بلاک راج نگر بدھل کے 11 سر پنچوں اور 92 پنچوں نے شرکت کر کے علا قہ میں عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا ۔اجلاس کے دوران بلاک ڈیو لپمنٹ آفس کی تعمیر کیلئے زمینی کی فراہمی ،ودیگر معاملات پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے جموں وکشمیر سرپنچ اینڈ پنچ ڈیمو کریٹک فورم کے چیئر مین فاروق اندرابی نے کہاکہ بی ڈی او کی پوسٹ گزشتہ دو ماہ سے خالی پڑی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ مذکورہ دفتر میں ملازمین کی تعیناتی کو عمل میں لاتے ہوئے بی ڈی او کی خالی نشست جلداز جلد پُر کی جائے تاکہ متعلقہ بلاک کی عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اجلاس کے دوران راج نگر بدھل کے سرپنچوں اور پنچوں نے کہاکہ اس وقت متعدد پنچایتوں میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کے علا وہ عوام کو بجلی کی فراہمی ،راشن کی قلت ودیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ راج نگر بدھل میں عوام کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔اس موقعہ پر شبیر بڈیال ،ارشد میر ،شمیم اختر ،سرپنچ خلیل احمد ،سرپنچ لیاقت علی ،سرپنچ غفور بٹ ،گلشن بیگم ودیگران نے بھی خطاب کئے۔