سرنکوٹ میں ہینڈ پمپ ناکارہ ،عوام پریشان

سرنکوٹ// سرنکوٹ میں عوامی سہولیات کیلئے نصب تمام ہینڈ پمپ ناکارہ ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔گور نمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول سرنکوٹ اور محکمہ امور صارفین کے دفتر کے سامنے نصب ہینڈ پمپ ناکارہ ہونے کی وجہ سے سکولی طلباء کو پینے کا صاف پانی نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سا منا کر نے پر مجبو رہو گئی ہیں ۔ ایک مقامی شخص شیزار ملک نے بتایا کہ ہائر سکینڈری اور محکمہ امور صارفین کے دفتر کے علا وہ دیگر علا قوں میں نصب کردہ ہینڈ پمپ ناکارہ ہو چکے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ لوگوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ،جوکہ کوئی بھی آفیسر سرنکوٹ میں تعینات ہوتا ہے وہ اپنی ملازمت کی مدت پوری کرنے کا انتظار کرتا ہے ۔موصوف نے بتایا کہ ہینڈ پمپوں کی خرابی اور عوامی مسائل کے سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ آفیسران سے رابطہ قائم کیا گیا لیکن اس کے باوجود بھی عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہم کی طرف کو ئی توجہ نہیں دی گئی ۔ایک اور مقامی شخص نوید شاہ نے بتایا کہ سرنکوٹ کی سیاسی قیادت کی ناکامی کی وجہ سے عوامی مسائل میں ہر دن اضافہ ہو تا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ہینڈ پمپوں کے خراب ہونے کی وجہ سے لوگوں کو کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے پانی لانا پڑتا ہے ۔ہینڈ پمپوں کی خرابی کی شکایت پر محکمہ گروانڈ واٹر کے جونیئر انجینئر رمیش کمار نے بتایا کہ متعدد علا قوں سے ہینڈ پمپوں کی خرابی کی شکایات موصول ہو ئی ہیں اور اس سلسلہ میں انہوں نے متعدد پمپوں کی مرمت کی ہے جبکہ دیگر کی مرمت کیلئے اقدامات اٹھا ئے جارہے ہیں تاکہ عوام کو سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔