سرنکوٹ میں گندگی کے ڈھیر جمع

 
سرنکوٹ// سرنکوٹ یوتھ اور ٓائی ٹی آئی کالج کے طلبا نے میونسپل کمیٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی نہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔اس موقعہ پرطاہر مرزا  ،مختار زرگر، عاسر منہاس، احمد رضا اور شیراز ملک نے میونسپلٹی حکام پر غفلت شعاری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سوچھ بھارت مشن کے تحت مرکز کی طرف سے کروڑوں روپے فراہم کئے جاتے ہیں لیکن اس سکیم سے مقامی سطح پر کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہااور گندگی کو ختم کرنے کے بجائے اس کے ڈھیر جمع کئے جارہے ہیں جس سے بیماریاں پھوٹ پڑنے کا اندیشہ ہے۔آئی ٹی آئی کے طلبا نے بتایا کہ وہ اپنی کلاسوں میں بھی نہیں بیٹھ سکتے کیونکہ باہر گندگی کے ڈھیر جمع ہیں جس سے ان کی تعلیم متاثر ہورہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس بارے میں کئی مرتبہ حکام کو مطلع کیاگیاتاہم انہوں نے کوئی اقدام نہیں کیااور یہ گندگی ان کیلئے مضر صحت ثابت ہورہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر گندگی کے ڈھیر ختم نہ ہوئے تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے۔