بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سب ڈویژن سرنکوٹ میں آٹھ ماہ بعد انتظامیہ پھر حرکت میں آئی اور اور ایک نجی اکیڈمی کو مسمارکر دیا گیا۔پیلا پنجہ رواں سال مختلف مقامات پر غیرقانونی تجاوزات کو ہٹانے کی مہم کے دوران چلایا گیا تھا جس میں سرنکوٹ قصبہ اور بیرونی علاقوں میں عمارتوں کو ضبط کیا گیا تھا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کئی لوگوں نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوبارہ ناجائز قبضہ کرنے کی کوشش کی ہے اور اسی بات کو مدے نظر رکھتے ہوئے انتظامیہ پھر سے حرکت میں آئی اورآٹھ ماہ قبل ضبط کئے گئے نجی سکول دستگیر اکیڈمی کو مسمار کرنے کی کوشش کی گئی ہیں لیکن ابھی مہم مکمل نہیں ہو سکی ۔اس دوران قابضین نے موقع پر پہنچ کر کہا کہ اگر انتظامیہ سکول کو مسمار کرنا چاہتی ہے تو وہ مکمل ریکارڈ کیساتھ آئے ۔انہوں نے انتظامیہ پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ جان بوجھ کر کسی ایک شخص کو نشانہ بنانے والی پالیسی اختیار کی جارہی ہے جو سراسر ناانصافی ہے تاہم اس ضمن میں جب تحصیلدار سرنکوٹ سے رابطہ کیاگیا تو انہوں نے بتایا کہ آٹھ ماہ قبل ناجائز قابضین کے خلاف کارروائی کی گئی تھی تب دستگیر اکیڈمی کو ضبط کیا گیا تھا تاہم اس پر دوبارہ ناجائز قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی جس کے بعد انتظامیہ کو دوبارہ کارروائی عمل میں لانی پڑی ۔انہوں نے مزید بتایا کہ آنے والے ایک ہفتے کے اندر مذکورہ جگہ کو کسی سرکاری محکمہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔