بختیار کاظمی
سرنکوٹ// 31 جولائی کی شام کو ہوئی طوفانی بارش نے قصبہ کے علاوہ دیگر دیہی علاقوں میں بھی خوب تباہی مچائی جبکہ اس دوران کئی رابطہ سڑکیں اور حفاظتی باندھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئے ہیں ۔سڑکوں کے تباہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کی آمد ورفت شدید متاثر ہو رہی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ سرنکوٹ تا بفلیاز سڑک پر گزشتہ گیارہ برسوں سے تعمیر اتی عمل چلایا جارہا ہے جس کی وجہ سے سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے تاہم دوسری جانب سرنکوٹ ہسپتال کے قریب سڑک میں گہرے کھڈے پڑ چکے ہیں ۔اس کے علاوہ پوٹھہ سنئی ،مڑہوٹ ،ہاڑی، موڑھ بچھائی ،لٹھونگ ،دھندک ،سانگلہ ،فضل آباد ،پمروٹ ،شیندرہ ،سیڑھی خواجہ کے علاوہ دیگر علاقوں میں جانے والی رابطہ سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہو چکی ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ علاقوں میں جانے والی رابطہ سرکیں پہلے سے ہی خستہ حال تھی تاہم گزشتہ دنوں آئے سیلاب کی وجہ سے مذکورہ خستہ حال سڑکوں کی حالت انتہائی غیر معیاری اور نا قابل استعمال ہو گئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اب مسافر اور ٹرانسپورٹروں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ تعمیر اتی ایجنسیوں کو ہدایت جاری کی جائی تاکہ سڑکوں کے نکاسی نظام کو درست کرنے کیساتھ ساتھ ان کو قابل آمد ورفت بنایا جائے ۔