پونچھ// انجمن جعفریہ سرنکوٹ کی عبوری کمیٹی کے صدر سید صفدر حسین شیرازی کی قیادت میں سرنکوٹ اور مینڈھر کے سلواہ بنولہ میں 14اور 15اپریل کو یوم حسین کے عنوان سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔سرنکوٹ میں منعقدہ محفل کا آغاز باضابطہ تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد مقامی ثناء خواں حضرات نے نعت ومنقبت و قصیدہ و سلام بارگاہ امام عالی مقام میں پیش کئے۔ بعد از آن بیرون ریاست سے تشریف فرما علماء کرام حافظ قرآن مولانا سید صفدر حسین باقری اور حافظ قرآن مولانا جمال حیدرنے سیرت امام حسین علیہ السلام پر مفصل روشنی ڈالی ۔دعا پر یہ پر نور محفل اختتام پذیر ہوئی۔وہیںانجمن کاروان حسینی سلواہ بنولہ کے زیر اہتمام امام بارگاہ عالیہ سلواہ میں اتوار کو صبح دس بجے یوم حسین کی تقریب منعقد کی گئی ۔اس تقریب کی ابتداء بھی تلاوت کلام الٰہی سے ہوئی جس کے بعد حافظ قرآن مولانا سید صفدر حسین باقری اور حافظ قرآن مولانا جمال حیدر نے سیرت امام حسین علیہ السلام بیان کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین علیہ السلام اگر کرب وبلا میں اپنے اور اپنے اقارب کی قربانی پیش نہ کرتے ہو شائد آج ہمارے پاس دین اسلام صحیح سلامت نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ امام حسین ؑکی شہادت کا صدقہ ہے کہ دین خدا محفوظ ہے اور انشاء اللہ قیامت تک محفوظ رہے گا ۔ان دو نوں تقریبات میں ضلع بھر سے عاشقان امام عالی مقام نے شرکت کر کے اپنی عقیدتوں کا اظہار کیا ۔