سرینگر//سیکریٹری سیاحت ، ثقافت اور امورِ نوجوان و کھیل کود سرمد حفیظ نے جموں و کشمیر سے باہر سیاحتی دفاتر کے کام کا ج کاجائزہ لیا۔آن لائن میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت نے ٹورسٹ افسران پر زور دیا کہ وہ ان دفاتر کی نگرانی کرتے ہوئے مقامی ٹور اور ٹریول انڈسٹریز کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیںاور وقتاً فوقتاً اپنی مقامی مارکیٹوں میں اُبھرتی ہوئی سفری ترجیحات کے بارے میں محکمہ کو آگاہ کریں۔دورانِ میٹنگ سیکرٹری سیاحت نے نئی دہلی ، کولکتہ ، ممبئی ، چنئی ، حیدرآباد اور احمد آباد میں ٹورسٹ افسران سے تبادلہ خیال کیا۔ سرمد حفیظ نے محکمہ سیاحت کے ان افسران سے کہا کہ وہ کووِڈ کے موجودہ دروں کو اپنے علاقوں کی ٹور اور ٹریول انڈسٹری کا ڈیٹا بیس بنائے ۔ اُنہوں نے انہیں آئندہ کی تشہیری مہمات کے لئے مقامی میڈیا ، ٹریول انڈسٹری ، ممکنہ سیاحتی مارکیٹوں ، اپنے شہروں سے جموں و کشمیر تک پروازوں کا نظام الاوقات تیار کرنے کا مشورہ بھی دیا۔سیکرٹری سیاحت نے ان دفاتر کے افسران کو مشورہ دیا کہ وہ سیاحت جموں و کشمیر کے پہلوؤں کو مقامی سیاحت کے بازاروں میں مقبول کریں۔ انہوں نے خصوصی طور پر انہیں سیکنگ ، گنڈولہ ، سنو ٹوراِزم ، مذہبی سیاحت اور ایسے دیگر پہلوؤں کو فروغ دینے کا مشورہ دیا جس سے ملک اور بیرون ملک کے سیاحوں کو جموںوکشمیر کی سیاحت کے لئے راغب کیا جاسکے۔ سرمد حفیظ نے ان دفاتر کے افسران سے کہا کہ وہ کارپوریٹ اشتراک کو فروغ دیں۔ میٹنگ میں ناظم سیاحت کشمیر نثار احمد وانی اور دیگر اعلیٰ اَفسران موجود تھے۔