سرینگر /اشفاق سعید /گزشتہ کم وبیش دوہفتوں سے جاری خشک موسم اورمطلع عمومی طورپر صاف رہنے کے باعث وادی کشمیر میں سردی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہورہاہے ۔اس بیچ محکمہ موسمیات نے بتایاکہ وادی میں 21 سے 23 نومبر تک ہلکی مغربی ہوائیں داخل ہونے سے بالائی علاقوں میں ہلکے درجے کی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ 20 نومبرتک وادی میں درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آسکتی ہے ۔ کشمیروادی بدستور سردی کی لپیٹ میں ہے،کیونکہ اتواراورسوموار کی درمیانی رات وادی میں زیادہ تر مقامات پر کم از کم درجہ حرارت صفر سے نیچے ریکارڈ کیاگیاجبکہ شہرسرینگر میں شبانہ درجہ حرارت میںتنزلی بدستور جاری ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سری نگرمیں اتواراورسوموار کی درمیانی رات درجہ حرارت 0.0 ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا جو سنیچراوراتو ارکی درمیانی رات0.9ڈگری درج ہواتھا۔ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.8 ڈگری تھا۔پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.0 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.5 ڈگری سینٹی تھا۔اسی طرح کپوارہ میں منفی 1.4ڈگری ،کوکرناگ میں 0.4ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ادھر لداخ بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.6ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے اور وہاں شدید سردی سے لوگوں کا حال بے حال ہے ۔ اس دوران سوموار کی صبح بھی سری نگرسمیت کئی علاقوںمیں صبح کے وقت گہری دُھند رہی ،جسکے نتیجے میں ڈرائیوروںکوہیڈلائٹس آن کرکے گاڑیاں چلانی پڑیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 21سے23 نومبر کے دوران مغربی ہوائیں خطے کے موسم کو متاثر کرسکتی ہیں جس کی وجہ سے کشمیر کے بالخصوص شمالی حصوں میں ہلکی سے درمیانی برف ہوسکتی ہے۔
سرما سے قبل ہی شدید سردی
