پرویز احمد
سرینگر //شعبہ امراض سرطان اور شعبہ نیرو سرجری میں ملکی سطح پر آئی تبدیلیوں اوران شعبہ جات میںجدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہونے والے فوائد کے بارے میں ماہرین صحت اور عام لوگوں کو جانکاری دینے کیلئے 20جولائی کو سرینگر میں ایک کانفرنس ہورہی ہے۔کانفرنس میں وادی میں شعبہ صحت کے ماہرین و منتظمین کے علاوہ میڈیکل آنکولوجی، نیرو سرجری، جنرل میڈیسن اور دیگر شعبہ جات کے 100سے زائد ماہرین موجود رہیں گے۔ کانفرنس کے منتظم اور ماہر امراض سرطان ڈاکٹر سمیر کول نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس کانفرنس میں دو لیکچر ہونگے، پہلا لیکچر میں خود دوں گا جو Precision oncology کے فوائد جبکہ دوسرے Non invasion brain tumer Tretment کے موضوع پر ہوگا۔ ڈاکٹرکول نے بتایا کہ پہلے لیکچر یعنی Precisionآنکولوجی میں وادی میں روبوٹک سرجری کی اہمیت بیان کی جائے گی۔ ڈاکٹر کول نے بتایا کہ بیرون ممالک میں جس طریقے سے ایک درزی گاہک کے ہر حصے کا ناپ لیکر کپڑے سیتا ہے تو وہ کپڑے بہت خوبصورت لگتے ہیں اور پہننے والے کی شان بڑھاتے ہیں لیکن کچھ مہنگے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال روبوٹک سرجری کی ہے اور اب بیرون ممالک کے ساتھ ساتھ بھارت کی سبھی ریاستوں میں ربوٹک سرجری ہوتی ہے، سوائے جموں و کشمیر کے ۔ روبوٹک سرجری کے فوائد کا تذکرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر سمیر کول نے کہا کہ روبوٹک سرجری سے مریض کے جسم سے کم خون بہتا ہے، زخم نہیں لگتا، زیادہ دیر اسپتال میں رہنا بھی نہیںپڑتا لیکن یہ جراحی کچھ مہنگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس جراحی سے مریضوں کو کافی فائدہ ہوگا ، اسلئے اس کانفرنس کے ذریعے ہم کشمیر میں روبوٹک سرجری کی سہولیات دستیاب رکھنے کیلئے سرکار پر زور دیں گے۔انہوں نے کہا کہ دوسرا لیکچر ماہر شعبہ اعصابیات (نیروسرجری)ڈاکٹر سدھیر تیاگی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سدھیر تیاگی شعبہ نیورو سرجری خاصکر برین ٹیومر میں آئی نئی ٹیکنالوجی پر بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے بغیر کسی چیرہ کے ٹیومر نکالنے کی ٹیکنالوجی جس کو ZEP ٹیکنالوجی کہتے ہیں، کے بارے میں یہاں کے ماہرین اور معالجین کو جانکاری دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ہورہا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہم بھی جموں و کشمیر کے شعبہ صحت میں ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کیلئے سرکار پر دبائو ڈالیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس کانفرنس میں شعبہ صحت کے 100بڑے ڈاکٹروں ،ماہرین منتظمین ، ڈائریکٹر سکمز جی ایم سی سرینگر کے پرنسپل صاحبان اور دیگر منتظمین کو مدعو کیا ہے۔