سرحد پر دہشت گردوں کیخلاف کارروائی سے ہچکچائیں گے نہیں : راوت

 نئی دہلی //فوجی سربراہ بپن راوت نے کہا ہے کہ ملک کی مغربی سرحد پر دہشت گردی کی سرگرمیوں کے خلاف سخت قدم اٹھانے سے فوج ہچکچائے گی نہیں۔فوجی سربراہ نے کہا، ’’ ہماری مغربی سرحد سے جڑا ہوا ملک دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کر رہا ہے، ہم انہیں کرارا جواب دے رہے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کیساتھ لگنے والی سرحد پر دہشت گرد گروپوں کی اعانت کی جارہی ہے، فوج انکے ساتھ موثر طریقے سے نمٹ رہی ہے۔ انہوں نے کہا’’ ہم اس بات میں لگے ہیں کہ جموں و کشمیر سرحد کیساتھ ساتھ ہمارا غلبہ رہے، ہم دہشت گردی کیخلاف کارروائی کرنے میں ہچکچائیں گے نہیں۔راوت نے کہا کہ فوج مشرقی سرحد پر صورتحال کا جائزہ لیتی رہے گی۔ انہوں نے کہا، ’’ مشرقی سیکٹر پر امن و امان برقرار رکھنے کے لئے نئے ہدایات کی پیروی کی جا رہی ہے‘‘۔