منڈی//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کی ہدایت پر محکمہ صحت کی جانب سے منڈی کے سرحدی علاقہ ساوجیاں میں ایک مفت طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس میں ایک ہزار سے زائد مریضوں کا ماہر ڈاکٹروں نے طبی معائنہ کر کے مفت ادویات تقسیم کی۔ اس موقعہ پر ساوجیاں کے مختلف علاقہ جات گگڑیاں، چھول ،گنتڑ ،بیدار، بلنائی، جالیاںاورچھمبر کناری کے لوگوں نے طبی معائنہ کروایا۔اس دوران ضلع اسپتال پونچھ سے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم وہاں پر موجود تھی جس نے مریضوں کا علاج ومعالجہ کیا ۔دریں اثنا مریضوں کے لئے لیبارٹری جانچ کرنے کے لئے بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اعجاز اسد نے ایک حکمنامہ جاری کرتے ہوئے محکمہ کو ہدایت دی تھی کہ دور دراز علاقوں میں طبی کیمپ منعقد کئے جائیں ۔اس موقعہ پر چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر ممتاز بھٹی، نائب سی ایم او ڈاکٹر شمیم بھٹی ،بلاک میڈیکل افسر منڈی سید مشتاق جعفری اور محکمہ صحت میں کام کر رہے دیگرملازمین بھی موجو دتھے۔ مقامی لوگوںنے کیمپ کے انعقاد پر ڈپٹی کمشنر اور محکمہ کے افسران کا شکریہ اد اکیا ۔دریں اثناء کیمپ میں 25افراد کو معذوری کی اسناد بھی دی گئیں ۔