کام سست رفتاری کاشکار، غفلت شعارٹھیکیداروں کے ٹینڈرمنسوخ کئے جائینگے:ڈی سی
مینڈھر//اگرچہ حکومت گزشتہ کچھ مہینوں سے یہ دعوے کررہی ہے کہ سرحدی عوام کی پریشانیوں کاازالہ کرنے اورانہیں گولہ باری کے دوران محفوظ رہائش کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے زمین دوزبنکروں کی تعمیرکی جارہی ہے لیکن زمینی حالات ان حکومتی دعوئوں کی پول کھول دیتے ہیں ،کیونکہ بیشتربالاکوٹ سرحدی علاقہ کی آبادی زمین دوزبنکروں سے محروم ہوکرحالات سے لڑنے پرمجبورہے اوراگرکہیں پربنکرتعمیرہورہے ہیں ان کے تعمیراتی کام کی رفتار انتہائی سست روی کاشکارہے جس سے اندازہ ہوتاہے کہ بنکروں کی تعمیرمیں نہ جانے آئندہ کتنے برس لگ جائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق بالاکوٹ تحصیل میں سرکار کی طرف سے کئی بنکروں کا کام گذشتہ کئی ماہ قبل شروع کیا گیا تھا لیکن کوئی بھی بنکر اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکاہے۔اس سلسلہ میں علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے ایک ایک ٹھیکیدار کو پانچ پانچ بنکر بنانے کیلئے دیئے اور کئی ٹھیکیداروں نے بنکروں کا کام شروع کیا اور پھرانہیں ادھوراچھوڑدیا جبکہ کچھ ٹھیکیداروں نے کام شروع ہی نہیں کیا۔لوگوں کا اس بارے میںکہنا ہے کہ متعلقہ ٹھیکیداروں کو یہ کہا گیا کہ بنکر مکمل کرنے کے بعد ایک ہی مکمل رقومات واگزار کی جائیں گی ۔انھوں نے متعلقہ افسران پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کچھ ٹھیکیدار ایسے ہیں جن کے پاس کام کیلئے پیسے نہیں ہیں اور وہ45لاکھ روپے پانچ بنکروں کیلئے کہاں سے لائیں جس کی وجہ سے انھوں نے کام شروع نہیں کیا اور لوگوں کو فائرنگ اور گولہ باری کے دوران کئی قسم کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انھوں نے مزید الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی بنکر اس وقت تک مکمل نہیں کیا۔اس سلسلہ میں محمد ریاض خان کا کہنا ہے کہ انتظامہ جان بوجھ کر سرحدی علاقہ میں بسنے والے لوگوں کے ساتھ نا انصافی کر رہی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ بنکروں کا کام علاقہ کے لوگوں کو دینا چاہیے تھا اور ان کیلئے ایک اعلیٰ سطحی ٹیم مقرر کرنی چاہیے تھی جو موقعہ پر جا کر بنکروں کا کام اچھی طرح سے پایہ تکمیل تک پہنچاتی لیکن انتظامیہ نے ایسا نہیں کیا اور سرحدی علاقہ میں بسنے والے لوگ اپنا نقصان کر رہے ہیںکیونکہ جب بھی کوئی لیڈر نے بالاکوٹ کا دورہ کیا تو ہمیشہ ہم نے اپنی جان و مال کی حفاظت کیلئے ان سے بات کی اور ان کی یقین دہانی کے باوجود بھی ہمیں کچھ نہیں ملا اور فائرنگ اور گولہ باری کید وران لوگوں کا جانی و مالی نقصان ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فوری طور بنکروں کی تعمیر مکمل کروائی جائے تاکہ لوگ اپنی جان و مال کی حفاظت کر سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ ریاستی سرکار نے دو سو اور بنکر ضلع پونچھ کیلئے دئیے ہیں جبکہ جن بنکروں کا کام شروع ہوا تھا وہ ہی مکمل نہیں ہوئے تو اب نئے بنکر کب بنیں گے صرف عوام کو بیو قوف بنایا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ مداخلت کرکے بنکروں کا کام جلد مکمل کروائے۔اس سلسلہ میں جب ڈپٹی کمشنر پونچھ سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ میں نے متعلقہ محکمہ کو حکم دے دیا ہے کہ جن ٹھیکیداروں نے کام شروع نہیں کروایا ان کے ٹنڈر منسوخ کرکے نئے ٹینڈر ڈالے جائیں اور بنکروں کی تعمیر جلد مکمل کروائی جائے۔انھوں نے مزید کہا کہ بنکروں کے پیسے بنکر مکمل ہونے کے بعد ہی ملیں گے البتہ کام میں تیزی لائی جائے گی۔