مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے سخی میدان علاقہ میں 4مارچ 2022کو اراضی تنازعے پر ہوئی آپسی لڑائی کے دوران زخمی ہوئی 71سالہ خاتون جموں میڈیکل کالج میں زندگی کی جنگ ہار گئی جبکہ اس معاملہ میں جموں وکشمیر پولیس نے ابھی تک 8افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔غور طلب ہے کہ رواں ماہ میں ہوئی لڑائی میں کلسات افراد زخمی ہوئے تھے جن میں سے بگو بی زوجہ شاہ محمد سکنہ سخی میدان کو ابتدائی علاج معالجہ کے بعد تشویش ناک حالت میں پہلے گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری ریفر کیا گیا جس کے بعد وہاں سے جموں میڈیکل کالج میں ریفر کر دیا گیا تھا تاہم جموں میں علاج کے دوران 71سالہ زخمی خاتون زندگی کی جنگ ہار گئی ۔اس معاملہ کے تناظر میں جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے مینڈھر پولیس سٹیشن میں 20افراد کیخلاف ایک کیس درج کرلیا گیا تھا جس میں 2سرکاری ملازمین اور ایک خاتون سرپنچ بھی شامل ہے ۔ان ملزمان میں سے ابھی تک 8افراد کو پولیس نے گرفتار بھی کرلیا ہے جبکہ دیگر کی گرفتاری کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔پولیس نے بتایا کہ درج مقدمے کے زیر تحت سبھی ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔