سرینگر// 6ماہ تک سرمائی راجدھانی جموں میں حکومتی اور انتظامی کام کاج جاری رہنے کے بعد دربار مو کے تحت سیول سیکرٹریٹ کے دفاتر اور راج بھون سوموار کوسرینگر میں کھل رہے ہیں۔ اس سلسلے میں سیکورٹی سمیت دیگر انتظامات کئے گئے ہیں۔سیکریٹریٹ کھلنے کے دو روز قبل سے ہی تمام راستوں پر چلنے والی چھوٹی بڑی گاڑیوں کی اچانک اور باریک بینی سے چیکنگ ہوتی رہی جبکہ راہگیروںکے شناختی کارڈ بھی چک کئے جاتے رہیں۔ سرینگر ۔جموں شاہراہ پر فورسز نے عارضی بنکر قائم کئے ہیں جہاں پر گاڑیوں کی تلاشیاں لی جاتی ہیں ۔سیکرٹریٹ کھلنے کے موقعے پر گورنر کو پولیس کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔ ادھر دربار مو کے پیش نظر اعلیٰ سطحی میٹنگ میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور پولیس اور فورسز کو مستعد رہنے کی ہدایت دی گئی ۔پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ دربار منتقلی کے حوالے سے معقول سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا’’ سیکورٹی کو متحرک کیا گیا ہے جبکہ سیکریٹریٹ کے گرد نواح میں اضافی فورسز کو تعینات کیا جا رہا ہے،جبکہ کسی بھی شخص کو سیکریٹریٹ کے کھلنے میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘‘ مذکورہ اعلیٰ پولیس افسر نے بتایا کہ امن و قانون کی صورتحال قابو میں ہے،جبکہ پولیس اور فورسز نے پرامن عمل کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر انتظامات کئے ہیں۔ اس دوران ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹریٹ کے ارد گرد پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کو سیکریٹریٹ کھلنے کی مناسبت سے متحرک رہنے کی ہدایت دی گئی ہے،جبکہ ٹریفک پلان کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ سرینگر میں دربار سجنے کے بعد نجی اور سرکاری افسران کی گاڑیوں کی بلا خلل نقل و حرکت کو یقینی بنایا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی سیکورٹی کو الرٹ کیا گیا ہے،جبکہ کسی بھی امن و قانون کی صورتحال سے نپٹنے کی انہیں ہدایت دی گئی ہے۔ اسی دوران مختلف سرکاری محکموں نے آپسی تال میل کے تحت گذشتہ ایک ماہ کے دوران ہنگامی بنیادوں پر سرکاری عمارات ، حکومتی و انتظامیہ کے اعلیٰ ذمہ داروں کی سرکاری کوٹھیوں ، رہائشگاہوں اور سیول سیکرٹریٹ کے دفاتر کی سجاوٹ کا کام مکمل کرلیا جبکہ سیول لائنز اور اس کے کچھ نواحی علاقوں بشمول راجباغ ، جواہرنگر ، سونہ وار ، گپکار روڑ ، بلیواڑ روڑ وغیرہ میں سڑکوں ، پُلوں اور فٹ پاتھوں کی سجاوٹ راتوں رات انجام دی گئی ۔ اس دوران اسیٹیٹس ڈیپارٹمنٹ نے خصوصی طور پر سیول سیکرٹریٹ کے دفاتر اور دیگر رہائشی و انتظامی عمارات کی تجدید ومرمت کے ساتھ ساتھ انہیںرنگ بھی دیاجارہا ہے ۔واضح رہے سرمائی راجدھانی جموںمیں گزشتہ ہفتہ دربار مو کے تحت سیول سیکرٹریٹ کے تمام دفاتر بند کردئے گئے تھے جبکہ ان دفاتر کے ریکارڈ اور دیگر کاغذات کو ہنگامی بنیادوں پر سرینگر پہنچایا گیا ۔ جموںمیں سیول سیکرٹریٹ کے دفاتر بند ہونے کے ساتھ ہی متعلقہ افسروں ، انجینئروں ، ملازمین اور بیورکریٹوں نے سرینگر کیلئے رخت سفر باندھ لیا اور گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران کم وبیش تمام بیوروکریٹ ، آفیسر ، ملازمین اپنے اہل خانہ سمیت سرینگر واپس پہنچ گئے ۔