سحری و افطار کے وقت بجلی کی عدم دستیابی | اننت ناگ میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا

عارف بلوچ
اننت ناگ//اننت ناگ ضلع کے مختلف علاقوں میں سحری اور افطار کے اوقات میں بجلی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔لوگوں نے کہا کہ ماہ رمضان کا آغاز ہوتے ہی بجلی کی آنکھ مچولی شروع ہوئی ہے۔ سحری، افطار اور تراویح کے اوقات میں بجلی غائب رہتی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ایل جی انتظامیہ کی ہدایت کے باوجود زمینی سطح پر رمضان المبارک کے دوران لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ماہ رمضان سے پہلے بجلی معمول کے مطابق چل رہی تھی لیکن یہ مقدس مہینہ شروع ہوتے ہی بجلی میں کٹوتی ہوتی ہے۔مقامی لوگوں نے حکام سے بجلی کا شیڈول مرتب کرکے سحری، افطاراور تراویح کے اوقات میں بجلی دستیاب رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔

گاندربل کے بیشتر علاقوں میں بجلی کا بحران 

ارشاد احمد

گاندربل//گاندربل کے بیشتر علاقوں میں محکمہ بجلی کی جانب سے ترتیب دیا گیا بجلی کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے۔بیشتر علاقوں میں غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی کا نظام نافذ کردیا گیا ہے خصوصاً سحری اور افطار کے اوقات میں بجلی غائب ہوجانے سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے متبرک ایام میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے،خاصکر سحری اور افطار کے اوقات میں گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔گاندربل کے لار، چونٹھ ولی وار ،بنہ ہامہ،منیگام،وائل،گوٹلی باغ ،نونر،سرڑ،بدر کونڈ،گیراج، بی ہامہ، ملہ شاہی باغ، دودرہامہ، گنگرہامہ ،شالہ بگ ،ڑھندنہ،سمیت دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے مقامی آبادی نے بتایا کہ رواں سال رمضان المبارک کے متبرک ایام میں بجلی کا بحران سنگین ہوچکا ہے۔سحری اور افطار کے اوقات میں گھنٹوں بجلی غائب ہوجانے سے سحری کھانے اور نماز ادا کرنے میں مشکلات کا سامنا پڑتا ہے۔مقامی آبادی نے بجلی محکمہ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کا نظام بہتر بنایا جائے ۔