سجاد کینو کو برسی پر خراج تحسین

سرینگر//نیشنل فرنٹ،ماس مومنٹ اور محاذ آزادی نے معروف عسکری کمانڈرسجاد احمد کینو کو برسی پر خراج عقیدت ادا کیا ہے۔نیشنل فرنٹ نے اس ضمن میں پارٹی کے صدر دفتر پرایک اجلاس کا انعقاد کیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج کی میٹنگ پارٹی کا سالانہ معمول ہوا کرتا تھا جس کی صدارت پارٹی کے چیئر مین نعیم احمدخان کیا کرتے تھے لیکن موصوف 2017سے تہاڑ جیل میں ایام اسیری کاٹ رہے ہیں ،اسلئے پارٹی سے وابستہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ پارٹی کی روایات اور اپنی ذمہ داریوں کو نبھائیں تاکہ سجاد احمد کینو جیسے جوانوں اور نعیم خان جیسے مزاحمتی لیڈران کا مشن منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے۔ مقررین نے کہا کہ قوم بے مثال قربانیوںکو بھولنے کی متحمل نہیںہوسکتی ہے اور نہ ہی نعیم خان جیسے قائدین کا جذبہ آزادی بھلایا جاسکتا ہے۔ ماس مومنٹ نے سجاد احمد کینو کوخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے عسکری میدان کا شہسوار قرار دیا۔بیان کے مطابق سجاد احمد کینو کی برسی پر اننت ناگ میں انکے قبرستان پر ماس مونٹ کی طرف سے ایک تقریب منعقد ہوئی،جس کے دوران انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق اس دوران ماس مومنٹ سربراہ فریدہ بہن جی نے سجاد کینو کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ70برسوں سے کشمیری عوام نے پیدایشی حق کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیںاور سینکڑوں مزار آباد کرنے کے علاوہ اپنا سب کچھ دائو پر لگایا تاہم بھارت ٹس سے مس نہیں ہوا اور انسانیت کو پائوںتلے روندتا رہالیکن اس مشعل کو فروزاں رکھنے کیلئے ہر قسم کی قربانی پیش کی جائے گی۔محاذآزاد ی کے صدر محمد اقبال میر نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ سجاد احمد کینو ایک زیرک،مخلص اور ثابت قدم انسان تھے جنہوں نے اپنے بچپن سے ہی آرام و آسائش کو ٹھکراکر مزاحمتی تحریک کے ساتھ وابستہ ہوکر سختیاںبرداشت کیں ۔دریں اثناء تنظیم کے نائب صدر قطب عالم نے سوپور ٹریڈر فیڈریشن کے سابق صدر حاجی عبدالرحیم لنگو کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔