سرینگر //کولگام کے معروف سیاسی وسماجی کارکن سجاد نور آبادی نے اپنی پارٹی صدر دفتر سرینگر میں الطاف بخاری کی موجودگی میں شمولیت اختیار کی۔ سجاد نے پہلے لوک سبھا انتخابات لڑے تھے اور وہ تحریک ِ انصاف کے جنرل سیکریٹری کے طور کام کر رہے تھے۔ اس موقع پر پارٹی چیف کارڈی نیٹر اور ضلع صدر کولگام عبدالمجید پڈر اور ضلع صدر پلوامہ غلام محمد میر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ اپنی پارٹی لوگوں خاص کر نوجوانوں کے لئے ایک کھلا پلیٹ فارم ہے جوکہ سماج کے برابر کے حصہ دار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی نوجوانوں کے نئے خیالات ونظریات کو سراہے گی اور اُن کی تجاویز کو عملی جامہ بھی پہنائے گی۔انہوں نے مزید کہاکہ اپنی پارٹی جموں وکشمیر کے لوگوں کی انفرادی اور اجتماعی فلاح وبہبودی کے لئے نئے خیالات اور معقول دلائل کا خیر مقدم کرتی ہے۔