ریاسی //ہفتہ کے روز یہاںساڑھ مہور میں لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین محکمہ پی ڈی ڈی اور وائلڈ لائف کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔مظاہرین کی قیادت موضع ساڑھ کے سرپنچ محمد اسلم میر کر رہے تھے۔بعد ازاں ، لوگوں نے پنچایت گھر ساڑھ سے فوجی کیمپ ساڑھ تک ایک جلوس بھی نکالا ۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ محکمہ وائلڈ لائف کے کسی سینئر گزیٹڈ افسر کو آدم خور تیندوے کی تلاش کی مانیٹرنگ کرنے کے لئے تعینات کیا جائے جس نے کنسولی اور جملان پہاڑیوں پر کمسن بچوں کو ہلاک کیا۔مظاہرین نے بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی پر محکمہ بجلی کے خلاف بھی احتجاج کیا ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ رات کے دوران کوئی بھی بجلی کٹوتی نہ کی جائے ،تاکہ جنگلی جانوروں کے قہر سے لوگوں کو بچایا جا سکے۔