عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی ساوجیاں علاقہ کی پنچایت چیمبر کناری محلہ دیتی گلہ کی عوام گزشتہ ایک ہفتہ سے بغیر بجلی کے گھپ اندھیرے میں اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔ بتا دیں کہ ساوجیاں علاقہ پنچایت چھمبر کنار محلہ دتی گلہ وارڈ نمبر ۲کی عوام کو گزشتہ ایک ہفتہ سے بجلی سے محروم رکھا گیا ہے۔ مکینوں کے مطابق ان کے علاقہ میں بجلی کی ترسیلی لائن گزشتہ ایک ہفتہ سے مرمت کے قابل ہے مگر محکمہ کے ملازمین کو عوام کی جانب سے کہنے کے باوجود بھی ترسیلی لائن کی مرمت نہیں کی۔ مکینوں نے کہا کہ انہوں نے متعلقہ لائن مین سے بھی اس حوالے سے گزارش کی کہ ان کے علاقہ میں بجلی کی ترسیلی لائن مرمت کے قابل ہے جس کی وجہ سے متعلقہ علاقہ کی دو سو سے زائد عوام بجلی کو ترس رہے ہیں مگر ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔متعلقہ علاقہ کے لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور محکمہ بجلی کے اعلیٰ افسران سے گزارش کی کہ علاقہ میں عوام کو بجلی کی فراہمی کو لیکر ملازمین کو ہدایت دی جائے تاکہ لوگوں کو بجلی فراہم ہو سکے اور انہیں مشکلات کا سامنانہ کرنا پڑے۔