ساوجیاں سکول میں لائبریری وریڈنگ روم مکمل طور پر فعال

عشرت حسین بٹ

منڈی//محکمہ تعلیم نے جموں و کشمیر کے جموںڈویژن میں ’مائی لائبریری مائی لائف لائن‘ پروگرام شروع کیا ہے۔ اس تناظر میں ماڈل ہائر سیکنڈری سکول ساوجیاں پونچھ نے اپنے طلباء اور قارئین کیلئے میزوں اور کرسیوں کے ساتھ ایک کشادہ کمرہ فراہم کر کے اپنی لائبریری اور پڑھنے کے کمرے کو مکمل طور پر فعال بنادیا ہے۔ طلباء کے لئے مقامی روزنامے اور رسائل بھی دستیاب کرائے گئے ہیں۔ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول ساوجیاں کی تاریخ میں پہلی بار طلباء کو لائبریری کے شناختی کارڈ فراہم کئے گئے ہیں تاکہ وہ ان کے نام پر کتابیں جاری کروا سکیں۔ پرنسپل ماڈل ہائر سیکنڈری سکول ساوجیاں انور خان نے طلباء کے ساتھ لغت کے استعمال کے بارے میں ایک سیشن کا اہتمام کیا ۔ انہوں نے طلباء کو بتایا کہ عملے کے ارکان نے اپنی پرانی استعمال شدہ کتابیں اسکول کی لائبریری کو عطیہ کی ہیں تاکہ اسے مزید بہتر بنایا جا سکے۔ اس سلسلے میں طلبہ کی رہنمائی کے لئے عارف ملک لیکچرار ، سلیم ریشی ٹیچر اور مشتاق بھٹ لائبریری اسسٹنٹ کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ طلباء اس کے بارے میں بہت پرجوش ہیں اور لائبریری میں اپنا وقت گزار رہے ہیں۔ انہوں نے اس اقدام پر اسکول انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔