سانگلہ کے بالائی علاقوں میں پانی کی قلت | 2ماہ سے سکیم بند ،3دیہات کی عوام پریشان

راجوری//سب ڈویژن سرنکوٹ کے سانگلہ گاؤں کے تین بالائی علاقے پچھلے 2 ماہ سے پینے کے پانی کی سپلائی سے محروم ہیں۔عوام نے محکمہ جل شکتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے 2ماہ سے واٹر سپلائی سکیم بند پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے علاقہ میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سرنکوٹ کے گائوں اپر سانگلہ کے تین علاقوں میں واٹر سپلائی سکیم بند پڑی ہے اور تقریباً دو ماہ سے پانی کی ایک بوند بھی فراہم نہیں کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں واٹر سپلائی سکیم کے ٹینک خشک پڑے ہوئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں پینے کے صاف پانی کے قدرتی وسائل بھی کم ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ وہ پچھلے دو مہینوں سے پانی کے ایک ایک قطرے کے لئے سرتوڑ کوشش کر رہے ہیں اور محکمے کے حکام کے ساتھ کئی رابطے بے کار ہو گئے ہیں کیونکہ محکمے کی طرف سے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔دوسری جانب محکمہ جل شکتی نے ڈسٹرکٹ انفارمیشن سینٹر کے ذریعے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ مقامی لوگوں کی جانب سے واٹر سپلائی سکیم کے مین والو کو نقصان پہنچائے جانے کی وجہ سے سپلائی متاثر ہوئی ہے تاہم برفباری کی وجہ سے بھی کچھ علاقوں میں نظام متاثر ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ سپلائی کو بحال کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔