سرینگر// حریت (ع) نے گائو کدل سانحہ کے مہلوکین کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ 21 جنوری1990 اُس دردناک خونین سانحہ کی یاد دلاتا ہے جب اُس وقت کے جنرل ڈائر کے حکم پر گائو کدل میں نہتے مظاہرین پر بندوقوں کے دہانے کھول دیئے گئے اور 52 کے قریب نہتے شہریوں کو شہید اور250 کے قریب لوگوں کو شدید زخمی کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ 3 دہائیوں کے دوران جموںوکشمیر میں تواتر کے ساتھ پیش آئے خونین سانحات جن میں گائو کدل ، حول ،بجبہاڑہ، زکورہ ،سوپور ، ہندوارہ، کپوارہ، شوپیاں، وندہامہ ،چٹھی سنگھ پورہ، مژھل ، کنن پوشپورہ، پتھری بل اور ان جیسے ان گنت خونین سانحات کشمیر میں بربریت کے کھلے ثبوت ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ جموںوکشمیر کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے جائز حق، حق خودارادیت جس کو عالمی برادری نے تسلیم کیا ہے کے حصول کیلئے جانی و مالی قربانیوں کی لمبی تاریخ رقم کررہے ہیں لیکن جس طرح طاقت اور فوجی قوت کے بل پر بھارت کشمیر کی نوجوان نسل کو پشت بہ دیوار کرکے اُن کے زندہ رہنے کے راستے مسدود کررہا ہے ، مزاحمتی قیادت کی پر امن، سیاسی ، دینی اور تحریکی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جارہی ہیں اور کشمیریوں کی تیسری نسل کو بھارتی مظالم اور جبر و قہر کی پالیسیاں عسکریت کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور کررہی ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو طاقت اور قوت کے بل پر حل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔بیان میں ریاستی انتظامیہ کی جانب سے سینئر مزاحمتی رہنما اورلبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک سمیت سرکردہ حریت رہنمائوں مختار احمد وازہ اور ہلال احمد وار کو گرفتار کرکے انہیں پولیس تھانوں میں مقید کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ حکمران طبقہ یہاں کی مزاحمتی قیادت کی پر امن سرگرمیوں کو روکنے کیلئے طاقت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جو حد درجہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔لبریشن فرنٹ ( آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو اور ایڈوکیٹ ایوب راٹھور نے گائو کدل سانحہ میں جاں بحق ہوئے افراد کوخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ’ ہم پر یہ ذمہ داری عائدہوتی ہے کہ ہم ان کے چھوڑے ہوئے مشن کی تکمیل کے لئے کوششوں کا سلسلہ جاری رکھیں ۔پیپلز فریڈم لیگ ترجمان، مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار، ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی ،غلام محمد میر اور مسلم خواتین مرکز کی چیرپرسن یاسمین راجہ نے گائوکدل جاکرمشترکہ مزاحمتی قیادت کے پروگرام میں شرکت کی ۔تحریک کشمیر قتل عام کے حولے سے ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا ۔ اجلاس کی صدارت تحریک کشمیر کے صدر محمد موسیٰ نے کی۔ اجلاس میں مختلف ذمہ داروں نے قتل عام کی نہ صرف مذمت کی بلکہ ان سانحات کو کشمیریوں کی نسل کشی سے تعبیر کیا۔اسلامک پولیٹکل پارٹی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان معصوموںکے مشن کو اس کے حتمی انجام تک پہنچانے کے لئے مکلف ہیں ۔