سارنگی نواز غلام نبی بُلبُل کے اعزاز میں تقریب

 سرینگر// کلچرل اکیڈیمی اور ریڈیو کشمیر سرینگر کی طرف سے کل اکیڈیمی کے سیمنار ہال واقع لال منڈی میں معروف کشمیری لوک گایک اور سارنگی نواز غلام نبی بُلبُل کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا انعقاد ’’ نامور‘‘ سیریٖز کے تحت کیا گیا جس میں غلام نبی بُلبُل کی حیات اور کارناموں کا احاطہ کرنے والا ایک مقالہ پیش کیا گیا اور غلام نبی بُلبُل نے مدعو سامعین کے روٗبرو فنِ موسیقی میں اپنے تجرُبات اور مُشاہدات پیش کئے۔ غلام نبی بُلبُل نے اس موقعے پر بعض معروف لوک دُھنیں پیش کیں اور حاضرین کے سامنے اپنے تجرُبات اور مُشاہدات بیان کئے۔ اس موقعے پر غلام نبی بُلبُل کو ایک شال اور توصیف نامہ پیش کیا گیا۔ تقریب میں اور لوگوں کے علاوہ قاضی غلام رسول، شہناز رشید، اعجاز غلام محمد لالو، پروفیسر ڈاکٹر رِچرڈس (امریکہ)، غلام حسن غمگین، غلام رسول آہنگر، عنایت گُل، گُلشن بدرنی، غلام نبی میر، سرور بُلبُل، ایوب نعیم کرناہی،سلیم سالک، ڈاکٹر سید افتخار، ڈاکٹر شبنم رفیق، ڈاکٹر گُلزار احمد راتھر، جمیل انصاری، ساگر نذیر، جان محمد، راجا بلال، شہزاد منظور، فہمیدہ سوپوری وغیرہ شامل تھے۔ تقریب کی نظامت کے فرایض رشید نظامی نے انجام دئے جبکہ شکریہ کی تحریک سیش وِمل نے پیش کی۔