ساتھرہ میں بجلی کی ترسیلی لائنیںسبز درختوں پر آویزاں | لوگ خطرے سے دوچار ،صارفین اضافی بلوں سے بھی پریشان

پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کی منڈی تحصیل کے بلاک ساتھرہ میں بجلی کا نظام خستہ حالی کا شکار ہے۔اس سلسلہ کو لے کر مقامی لوگوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ بجلی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔مکینوں نے بتایا کہ علاقہ میں اکثر ترسیلی لائنیں لکڑی کے بوسیدہ کھمبوں اور سبز درختو ں کیساتھ باندھی گئی ہیں تاہم متعلقہ محکمہ کے میٹر ریڈر بغر علاقہ کا معائینہ کئے اضافی بل لوگوں کو تھما رہے ہیں ۔انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ترقی یافتہ دور میں بھی ساتھرہ بلاک میں بجلی کی ترسیلی لائنیںسبز درختوں پر آویزاں ہیں جو وہاں کے مقامی لوگوں کے لئے نہایت ہی خطرناک ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بجلی دستیاب نہیں ہوتی ہے اس کے باوجود انہیں ہر ماہ 373 روپیہ کا بل تھمادیاجاتا ہے جو ان کو ادا کرنا نہایت ہی مشکل ہو جاتا ہے۔بشیر احمد نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ وہ سرحدی علاقہ میں بسنے والے ہیں اور کھمبوں اورتاروں کے بغیر چار سو روپیہ بجلی کرایہ دینے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کا کوئی بھی ملازم ان کے علاقہ میں نہیں آتا جو اس عوام کی حالت زار کو دیکھتا اور ان لوگوں کو بھی بجلی کی تاریں اور کھمبے نہیں دئیے گئے ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ علاقہ میں خستہ حال بجلی نظام کو جلدازجلد معیاری بناکر ان کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔محکمہ اسسٹنٹ انجینئر نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک منصوبہ تیار کر کے اعلیٰ حکام کو بھیج دیا گیا ہے تاہم فنڈز آنے کے بعد اس سلسلہ میں عملی قدم اٹھائے جائیں گے ۔