جموں//سابق ریاست جموں و کشمیر کے سابق نائب وزیر اعلی ڈاکٹر نرمل سنگھ نے یہاں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہاسے ملاقات کی۔ڈاکٹرنرمل سنگھ نے جموں وکشمیر میں پہلی بار منعقد ہونے والے ڈی ڈی سی اِنتخابات کے کامیاب اِنعقاد پر لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ اَدا کیا اور ان سے جموںوکشمیر یوٹی کی عوامی بہبود اور جامع ترقی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کو صوبہ جموںکے بڑے امور کے بارے میں آگاہ کیا جس میں توی ریور فرنٹ کی ترقی، جموں شہر میں کثیر المنزلہ پارکنگ منصوبوں کو تیز کرنا شامل ہیں۔ اُنہوں نے بسوہلی کے علاقے میں سدھ مہادیو ۔ پتنی ٹاپ ٹورسٹ سرکٹ اور واٹر سپورٹس کی ترقی کے امور بھی پیش کئے۔لیفٹیننٹ گورنر نے سابق وزیر اعلی کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یوٹی حکومت جموںوکشمیر کے تمام خطوں کی جامع ترقی کے لئے پُر عزم ہے ۔اُنہوں نے اُسے یقین دِلایا کہ ان کی جانب سے پیش کئے گئے امور پر غور کیا جائے گا۔