عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//شوپیاں ضلع کے ہیرپوہ علاقہ میں کچھ روز قبل سابق سرپنچ اور بی جے پی کارکن کی ہلاکت کے خلاف بی جے پی کارکنان نے منگل کو سری نگرمیں احتجاج کیا۔احتجاجی مظاہرے کی قیادت ضلع صدر سری نگر اشوک بھٹ کر رہے تھے، جنہوں نے ضلع انتظامیہ شوپیاں پر بی جے پی لیڈر اور سابق سرپنچ اعزاز احمد شیخ کی حفاظت میں لاپرواہی کا الزام لگایا جسے چند روز قبل ملی ٹنٹوںنے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔مظاہرین نے حکومت پر زور دیا کہ اگر اس معاملے پر فوری کارروائی نہیں کی گئی تو پوری کشمیر یونٹ متحرک ہو کر شوپیاں کی طرف مارچ کرے گی تاکہ ضلع انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا جا سکے۔اشوک بھٹ نے اس موقع پرکہا کہ خطے میں بی جے پی لیڈروں اور کارکنوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت پر ہے۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری ایکشن لیں اور سیکیورٹی کی خامیوں کو دور کریں جس سے سیاسی کارکنوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئی ہے۔احتجاجی کارکنوںنے کہاکہ ہم شوپیان انتظامیہ کیخلاف احتجاج کررہے ہیں ،کیونکہ وہاں کے افسروںنے ہمارے کارکن کو ملنے والی دھمکیوں کو سنجیدگی سے نہیں لیا ۔انہوںنے کہاکہ اگرکوئی افسر اپنی ڈیوٹی سے غفلت برتنے کاارتکاب کرتاہے تواس کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے ۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے بی جے پی کارکنوں کو سکیورٹی فراہم کرنے اور سابق سرپنچ اعجاز احمد شیخ کی ہلاکت میں ملوث مجرموں کو پکڑ کر انہیں سخت سزا دئیے جانے کا بھی مطالبہ کیا۔