بھدرواہ //کانگریس کے ایک سینئر رہنما محمد شریف نیاز نے بی جے پی او رپی ڈی پی لوگوں کو دھوکہ دینے کا الزام لگایا ہے۔ بھدرواہ حلقہ کے بھیکا اور صدر پنچایتوں میںمتعدد عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگ کبھی بھی یہ نہیں بھولیں گے کہ پی ڈی پی۔ بی جے پی کی سابقہ مخلوط سرکار نے ریاست کے ساتھ کیا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں پارٹیوں نے لوگوں کو نام نہاد ایلائنس آف ایجنڈا کے نام پر گمراہ کیا اور اقتدار کے ہوس میں لوگوں کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کیا۔اس موقعہ پر کئی پنچوں نے کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کیا، جن کے نام کرشن کمار دھوم ، سریش کمار، ستیش کمار، رشمی دیوی ، ڈمپل دیوی ہیں ،جنھوں نے سرپنچ رنکو دیوی کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔اجتماعات میں متعدد پی ڈٖی پی اور بی جے پی کے کارکنوں نے کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔علاقہ کے لوگوں نے کانگریس لیڈر سے سرکاری دفاتر میں مبینہ رشوت خوری کی شکایت کی ۔انہوں نے یہ بھی شکایت کی کہ مقامی لیڈروں کی ایما پر علاقہ میں رشوت خوری کو بڑھاوا دیا جا رہا ہے۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں شریف نیاز نے الزم لگایا کہ علاقہ میں ایم جی نریگا کی ادائیگیوں میں بے ضابطگیاں ہوئی ہیں۔انہوںنے پورے حلقہ میں بی پی ایل زُمرے کی سر نو سروے کرنے کا مطالبہ کیا ،تاکہ بے سہارا اور ضرورتمندوں کو فائدہ پہنچے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی۔ پی ڈی پی کے دور میں ریاست کے تینوں خطوں کو مصائب کا سامنا کرنا پڑا۔