پونچھ// سنی یوتھ ونگ جموں و کشمیر نے زی ٹی وی پر نشرکئے جانے والے سیریل ’عشق سبحان اللہ‘ پر پابندی عائد کرنے کی مانگ کی ہے ۔اپنے ایک بیان میں ونگ کے ریاستی صدر اعجازاحمد مدنی نے کہا کہ اس سیریل میں لفظِ سبحان اللہ کا استعمال کر کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان سبحان اللہ کو بطورِ تسبیح ورد و وظائف میں استعمال کرتا ہے،مگر آج کے فلمساز بنام مسلمان لوگوں کو موج و مستی فراہم کرکے مذہبِ اسلام کا مذاق اڑانے کے درپے ہیںاور مذہبی شخصیات کے دینی کارناموں کو عشق و محبت کے نام پر داغدار بنانے پر تلے ہوئے ہیں ۔انہوں نے سیریل کے چند جملوں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ نے جو مکالمہ اداکیا کہ تین طلاق کا(ٹرپل طلاق) ذکر قرآن و حدیث میں مو جود نہیں ، وہ سراسر جھوٹ اور مبنی بر جہالت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا فیصلہ فیصلہ وہ لوگ کر سکتے ہیں جو قرآن و حدیث جانتے ہوں ،وہ نہیںجن کا تعلق قرآن و حدیث سے دور دور تک نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کام علماء اور فقہا ء کا ہے اورانہی کو کرنے دیا جائے تو بہتر ہے۔اعجاز مدنی نے مذکورہ سیریل کے تعلق سے کہا کہ فلموں یا سیریلوں میںمقدس ناموں کا استعمال کر کے بھارت کے 25 کروڑ مسلمانوں کو کیا پیغا م دینا چاہتے ہیںجس میں مسلم پرسنل لاء کا مذاق اڑا کر کے مذہبی ،معاملات میںمداخلت کی گئی ہے۔ انہوں نے مذکورہ سیریل کو ہندو مسلمان کے بیچ میں خلیج پیداکرنے والا سیریل بتاتے ہوئے اس پر روک لگانے کی مانگ کی۔