۔27افسران کو تقریب کے مختلف انتظامات کی ذمہ داری تفویض
بلال فرقانی
سرینگر// اب سرکاری طور پر اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی 13جنوری کو زیڈ مور ٹنل کا افتتاح کرنے کیلئے آرہے ہیں۔ضلع مجسٹریٹ گاندربل( ضلع ترقیاتی کمشنر) کی جانب سے جمعہ 10جنوری کو ایک آرڈر جاری کیا گیا جس میں زیڈ مور ٹنل کے 13جنوری کو وزیر اعظم کے ہاتھوں افتتاح کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دینے اور زمہ داری دینے کیلئے افسران کو مختلف امور انجام دینے کی خاطر فرائض تفویض کئے گئے ہیں۔ انتظامات میں اہم سرکاری افسران کی تقرری کی گئی ہے جو مختلف محکموں کے تحت تقریب کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔ ان میں سڑکوں کی صفائی، بجلی، پانی، طبی سہولتیں، سیکورٹی انتظامات اور رہائش سمیت دیگر اہم امور شامل ہیں۔ انتظامات کے مطابق، ہر افسر اپنے شعبے میں ضروری تدابیر اور سہولتیں فراہم کرے گا تاکہ وزیر اعظم کی آمد کے دوران تمام عمل بلا تعطل اور کامیابی کے ساتھ انجام پائے۔ سڑک کی دیکھ بھال کی ذمہ داری آفیسر کمانڈنگ بیکن، گورو ترپتی کو دی گئی ہے، جو اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ایس ایس جی روڈ پر کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو، تاکہ وی آئی پی گاڑیوں کی آمدورفت آسانی سے ہو سکے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو منی گام سے وائل تک بائی پاس روڈ کی دیکھ بھال کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ این ایچ آئی ڈی سی ایل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ ہم آہنگی سے زیڈ مور ایسٹ پورٹل پر گرین روم قائم کریں گے۔ایڈیشنل ضلع کمشنر گاندربل، گلزار احمد خان کو مجموعی طور پر مقام کا انچارج مقرر کیا گیا ہے جبکہ مختلف محکموں کے افسران بشمول ایس ڈی ایم کنگن، سپرنٹنڈنگ انجینئرتعمیرات عامہ گاندربل، ایگزیکٹو انجینئروں، چیف ایگریکلچر آفیسر، چیف ہارٹیکلچر آفیسر، اور ضلع یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس افسران تقریب کے انتظامات میںمعاونت کریں گے۔ گاندربل کے اسسٹنٹ کمشنرمال، محمد اقبال بٹ کو 11جنوری 2025تک گاندربل کے کانفرنس ہال، منی سیکریٹریٹ کمپلیکس میں کنٹرول روم قائم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس کیلئے محکمہ بجلی، جل شکتی، تعمیرات عامہ، پی ایم جی ایس وائی اور بیکن کے افسران معاونت فراہم کریں گے۔صحت کی سہولتوں کو یقینی بنانے کے لیے، چیف میڈیکل آفیسر گاندربل، ڈاکٹر بشیر احمد کو نیلگراٹھ ہیلی پیڈ سیول، نیلگراٹھ ہیلی پیڈ آرمی، ٹرک یارڈ اور زیڈ موڈ ایسٹ پورٹل پر طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ڈاکٹر بشیر احمد محکمہ صحت و طبی تعلیم کے ساتھ ہم آہنگی میں کام کریں گے تاکہ تمام پروٹوکول پر عملدرآمد اور طبی ہنگامی حالات کی تیاری کو یقینی بنایا جا سکے۔بجلی اور پانی کے انتظامات کی نگرانی محکمہ بجلی کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر گاندربل ارشد حسین اور ایگزیکٹو انجینئر گاندربل، دلشاد خان کریں گے۔ وہ اہم مقامات جیسے ہیلی پیڈ، یوتھ ہوسٹل اور مرکزی مقام پر بجلی کی مسلسل فراہمی اور بیک اپ جنریٹروں کی دستیابی کو یقینی بنائیں گے، جن کے ساتھ گرمی فراہم کرنے والے آلات کو بھی فعال رکھا جائے گا۔ ایگزیکٹو انجینئر، جل شکتی ، گاندربل،انجینئر سمیع اللہ بیگ، پینے کے پانی کی فراہمی کے انتظامات کریں گے، جن میں واٹر ٹینکروں اور موبائل بیت الخلائوں پانی کی کنکشن کی فراہمی شامل ہے۔ضلع گاندربل کے ڈی سی آفس کے ایڈمنسٹریٹو افسر اور ان کی ٹیم 12جنوری 2025کو سونہ مرگ کے یوتھ ہوسٹل میں 350شرکاء کیلئے قیام کے انتظامات دیکھیں گے۔نائب تحصیلدار صفاپورہ، فہیم نذیر 10جنوری 2025سے یوتھ ہوسٹل سونہ مرگ میں مجسٹریٹ کے طور پر کام کریں گے تاکہ تقریب کے دوران امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔ سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر، جی ایم بٹ اور دیگر اہم افسران قیام و طعام کے انتظامات کو دیکھیں گے اور 9 سے 14 جنوری 2025 تک مہمانوں کیلئے کمروں کی دستیابی اور ٹرانسپورٹ کے انتظامات کو یقینی بنائیں گے۔تحصیلدار گنڈ، منظور احمد 12 جنوری 2025 کو ای پی سی او میں 150 شرکاء کیلئے قیام و طعام کے انتظامات دیکھیں گے۔ اسی طرح، گاندربل میونسپل کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، آصف مرزا، اسسٹنٹ کمشنر پنچایت گاندربل مشتاق احمد، اور ایس ڈی اے آفس کے نمائندے مشتاق احمد، نکاسی اور پارکنگ کے انتظامات کی نگرانی کریں گے، جن میں نیلگراٹھ ہیلی پیڈ اور عوامی مقامات پر موبائل بیت الخلائوں، واش روموں اورکوڈے دانوں کی تنصیب شامل ہوگی۔ گاندربل کے اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ، بشیر احمد بٹ تمام پک اپ پوائنٹوں پر ناشتہ کی بلا رکاوٹ تقسیم کی نگرانی کریں گے، جبکہ گاندربل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحکمہ خوراک و امور صارفین، بلال احمد سونہ مرگ میں دوپہر کے کھانے کی تقسیم کے انتظامات کریں گے۔ گاندربل کے تمام ضلعی، سیکٹورل، بلاک اور تحصیل سطح کے افسران، جن کی قیادت نوڈل افسر محمد اقبال بٹ کریں گے، 13 جنوری 2025 کو سونہ مرگ میں صبح 9;30بجے کے بعدانتظامات کے لیے موجود ہوں گے۔گاندربل کے ضلع شماریاتی اور تشخیصی افسر، اختر حسین ملک اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ تمام متعلقین کیلئے پاسوں کے اجرا کیلئے کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔ گاندربل کے اکاؤنٹس افسر اور ان کی ٹیم تقریب کیلئے دعوت نامے کی تقسیم کی ذمہ داری ادا کریں گے۔اس تمام انتظامات کا مقصد وزیر اعظم کے دورے کے دوران تمام کاموں کو بخوبی انجام دینا ہے، اور جموں و کشمیر انتظامیہ نے اس بات کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری تدابیر کر لی ہیں کہ یہ تقریب کامیابی کے ساتھ مکمل ہو۔
کنگن سونہ مرگ روڑ بند
حکام نے اعلان کیا ہے کہ سرینگر-سونہ مرگ-گمری روڈ پر کنگن سے گاڑیوں کی آمدورفت 11 جنوری سے 13 جنوری 2025 تک معطل رہے گی۔ یہ فیصلہ خراب موسم، برفیلی سڑک کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ٹریفک دیہی کشمیر کے ایک حکم کے مطابق تمام لداخ/سونہ مرگ جانے والے موٹرسائیکلوں/سیاحوں/مسافروں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ کنگن سے SSG روڑپر گاڑیوں کی آمدورفت جنوری 11 سے 13 جنوری 2025 تک معطل رہے گی۔ مذکورہ مدت کے دوران ایس ایس جی روڈ(کنگن سے آگے) پر سفر کرنے سے گریز کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ SSG روڈ پر گاڑیوں کی آمدورفت 14 جنوری 2025 سے دوبارہ شروع کی جائے گی۔