زیڈ آر سی /بی آر سی کی عمارت 10برسوں سے تکمیل کی منتظر

تھنہ منڈی //تعلیمی زون تھنہ منڈی میں علاقائی وسائل مرکز(ZRC/BRC )کی عمارت گزشتہ دس برسوں سے زیر تعمیر ہے تاہم ابھی تک مکمل ہی نہیں کی جاسکی ۔مقامی لوگوں نے محکمہ تعلیم پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ عمارت کی تعمیر کیلئے 10برس قبل مڈل سکول تھنہ منڈی میں ایس ایس اے اسکیم کے تحت 6لاکھ روپے مختص رکھے گئے تھے ۔محکمہ تعلیم کی جانب سے علاقائی وسائل مرکز کی عمارت کی تعمیر کیلئے کام شروع کر تے ہوئے پہلے مرحلے میں 1لاکھ 10ہزار روپے خرچ بھی کئے تاہم اس کے بعد عمارت کی تعمیر کا کام پوری طرح سے ٹھپ کردیا گیا ۔مقامی لوگوں کے مطابق عمارت کی تعمیر سے قبل سابقہ زونل ایجوکیشن آفیسر تھنہ منڈی کی قیادت میں ایک اجلاس طلب کیا گیا تھا جس میں ولیج ایجوکیشن کمیٹی کے اراکین و دیگرمعززین نے بھی شرکت کی تھی لیکن عمارت کی بنیاد بنانے کے بعد کام کو چھوڑ دیا گیا ۔زونل ایجوکیشن آفیسر تھنہ منڈی نے کہاکہ عمارت کی تعمیر شروع کی گئی تھی اور اس پر ابتدائی مرحلہ میں کچھ فنڈز خرچ بھی کئے گئے ہیں اور باقی فنڈز ابھی بھی موجود ہیں لیکن ساز و سامان کی بڑھتی ہو قیمتوں کو دیکھتے ہیں باقی ماندہ رقم میں عمارت تعمیر نہیں کی جاسکتی ۔انہوں نے مزیدکہاکہ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں کی جانب سے نا مکمل عمارتوں کی تفصیل مانگی گئی ہے اور اس سلسلہ میں مذکورہ عمارت کی بھی تفصیل فراہم کی جارہی ہے جبکہ اعلیٰ انتظامیہ کے آئندہ حکم کے تحت ہی مزید کام کیا جائے گا ۔