زینہ گیر بانڈی پورہ نہر کوڑے دان میں تبدیل

بانڈی پورہ// زینہ گیر بانڈی پورہ نہر کی مرمت نہ ہونے کی وجہ سے آجکل انتہائی خستہ ہوچکی ہے۔ سونروانی سے لیکرزینہ گیر سوپور تک اس نہر میںجگہ جگہ شگاف پڑے ہیں جبکہ آس پاس کی بستیوں نے اس نہر کوکوڑے دان میں تبدیل کیا ہے۔ ماضی میںاس نہر کا پانی آبپاشی کے علاوہ پینے کیلئے استعمال ہوتا تھا ۔مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ محکمہ آبپاشی نہر کی دیکھ ریکھ اور مرمت کرنے میں تساہل برت رہاہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں سرکار نے نہر کو جاذبِ نظر بنانے کے بلند بانگ دعویٰ کئے لیکن عملاً ایسا کچھ دیکھنے کو نہیں مل رہا ہے۔ لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس نہر کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے لیے اقدامات کریں۔