سرینگر// مکانات و شہری ترقی کے وزیر ست پال شرما نے سرینگر میونسپل کارپوریشن کی طرف سے چلائے جا رہے مختلف پروگراموں کی عمل آوری میں تیزی لانے پر زور دیا تا کہ سرینگر شہر کے لوگوں کو معیاری سہولیات اور جدید مکانات کی تعمیر حاصل ہو ۔ وزیر موصوف ایس ایم سی کی طرف سے شروع کئے گئے پروجیکٹوں پر عمل آوری اور ماہِ صیام کے سلسلے میں کی جا رہی تیاریوں کا جائیزہ افسروں کی ایک میٹنگ میں لے رہے تھے ۔ وزیر نے رمضانِ مبارک کی تیاریوں کا جائیزہ لیتے ہوئے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ شہر کی کلہم صفائی بالخصوص زیارت گاہوں اور مساجد کے ارد گرد یقینی بنائیں ۔ انہوں نے ایس ایم سی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ شہر میں تمام سٹریٹ لائیٹوں کو بہتر حالت میں چلانے کے اقدامات کریں تا کہ اس مقدس مہینے کے دوران نمازیوں کو کسی بھی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔وزیر نے مختلف ترقیاتی اقدامات کی عمل آوری کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ افسروں کو آپسی تال میل قایم رکھتے ہوئے بہبودی کے پروگرام مکمل کرنے چاہئیں اور ان پروگراموں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے میٹنگیں منعقد کرنی چاہئیں ۔ سوچھ بھارت ابھیان کی عمل آوری کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ 30 جون تک اس پروگرام کی تکمیل یقینی بنائیں اور سرینگر شہر و دیگر بڑے قصبوں اور میونسپلٹیوں کو او ڈی ایف قرار دیں ۔فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کے بی اگروال ، کمشنر ایس ایم سی ، وی سی ایس ڈی اے ، وی سی لاوڈا و دیگر اعلیٰ افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔