زکورہ ،جڈی بل ، شہید گنج اورنور باغ میں پولیس دربار

سرینگر//پولیس اسٹیشن زکورہ میں ایس پی حضرت بل سُدھانشو ورما کی سربراہی میں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس دوران امر ناتھ یاترا2019 کو بہ احسن خوبی پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر لوگوں سے تعاون طلب کیا گیا۔ میٹنگ میں زکورہ اور اُس کے ملحقہ علاقوں کے معزز شہریوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے میٹنگ کے دوران عوامی اہمیت کے مسائل پر روشنی ڈالی ۔میٹنگ میں ایس ڈی پی او زکورہ اور ایس ایچ او زکورہ بھی موجود رہے۔ادھر پولیس اسٹیشن جڈی بل ، شہید گنج اور پولیس پوسٹ نور باغ میں پولیس پبلک میٹنگوں کا اہتمام ہوا۔ ان میٹنگوں کے دوران لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ایس ایچ اوز کی سربراہی میں منعقدہ ان میٹنگوں میں شرکاء نے عوامی اہمیت کے مسائل پر روشنی ڈالی ۔ پولیس آفیسران نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی سعی کی جائے گی تاکہ انہیں درپیش مسائل کا سامنا کرنے پر مجبور نہ ہوناپڑے۔پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا قلع قمع کرنے اور جرائم کو پنپنے سے روکنے کیلئے محکمہ کو اپنا دستِ تعاون فراہم کریں تاکہ سماج کو ان بدعات سے پرے رکھا جاسکے۔