زچہ بچہ اسپتال اننت ناگ میں سلنڈر دھماکہ

اننت ناگ //اننت ناگ کے واحد زچہ بچہ اسپتال شیر باغ کے ٹکٹ سیکشن میںگیس سلنڈر میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت11 افراد جھلس گئے ۔یہ واقعہ زچہ بچہ اسپتال شیرباغ میں منگل کی دوپہر قریب ایک بجے پیش آیا۔ اسپتال کے ٹکٹ سیکشن میں گیس سلنڈر سے گیس اخراج ہونے کے ساتھ ہی دھماکہ ہوا۔دھماکہ کی آواز سنتے ہی ٹکٹ سیکشن کے اندر اور باہر جمع لوگ اس کی زد میں آگئے جس سے یہاں ہر طرف افرا تفری مچ گئی۔گیس سلنڈر دھماکہ سے دو بچوں سمیت 11 افراد  بری طرح جھلس گئے ۔زخمیوں میں سائل احمد رینہ،بٹو سنگھ،فیاض نذیر،محمد عباس، ذاکر احمد، روبی جان، ریحانہ اختر، ساحل احمد،جنید احمد، عبدالمنان اور بلقیسہ جان شامل ہیں ۔زخمیوں کو فوری طور گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں داخل کیا گیا، زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ادھر ضلع انتظامیہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی۔ٹیم کو ایک ہفتے کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔واضح رہے کہ اسپتال کو پہلے ہی غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے تاہم انتظامیہ اس اسپتال کو دوسری جگہ منتقل کرنے میں ابھی تک ناکام ثابت ہوئی ہے۔