اشرف چراغ
کپوارہ // کپواڑہ ضلع کے زچلڈرہ ہندوارہ علاقے میں پیر کو سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں ایک نامعلوم ملی ٹینٹ مارا گیا۔حکام نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے میںملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد زچلڈارہ کے کرمہورگائوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔ملی ٹینٹوںکی جانب سے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کے بعد سرچ آپریشن انکائونٹر میں تبدیل ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ جوابی فائرنگ میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا اور موقع سے کچھ اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔مارے گئے ملی ٹینٹ کی شناخت اور گروپ سے وابستگی کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا۔ ہندوارہ علاقہ میں عرصہ دراز کے بعدجھڑپ ہوئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ یہاں کم سے کم دو ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔اس کی تحویل سے ایک رائفل بر آمد کی گئی ۔ادھر کولگام ضلع کے کیموہ علاقے میں پیر کو سیکورٹی فورسز کو ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد کا پتہ چلا۔ پولیس نے بتایا کہ کیموہ میں پولیس اور سیکورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم نے ایک آئی ای ڈی کا پتہ لگایا۔انہوں نے کہا کہ بم ڈسپوزل سکواڈ کی ایک ٹیم کو موقع پر طلب کیا گیا اور آئی ای ڈی کو ناکارہ بنایا گیا۔ادھر راجوری ضلع کے ایک جنگل میں ایک سابق فوجی کی طرف سے دو مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد سیکورٹی فورسز نے پیر کو تلاشی مہم شروع کی۔حکام نے بتایاکہ ریٹائرڈ سپاہی نے سیاہ لباس میں ملبوس مشتبہ افراد کو ایک پہاڑی کی چوٹی کی طرف بڑھتے ہوئے دیکھا جب وہ سندر بنی سیکٹر کے گندے گائوں سے ملحقہ جنگل سے اپنی بکریوں کے لیے چارہ جمع کر رہا تھا۔پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی ایک مشترکہ پارٹی نے اطلاع ملنے کے بعد محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔ بعد میں ان کے ساتھ فوج کے جوان بھی شامل ہو گئے۔حکام نے بتایا کہ آخری اطلاعات ملنے تک جنگل کے علاقے میں آپریشن جاری تھا لیکن مشتبہ افراد کا کوئی سراغ نہیں ملا۔