غلام نبی رینہ
کنگن//زوجیلا میں ایک اور المناک حادثے میں 2بھائیوں اور ڈرائیور سمیت 5افراد جاں بحق ہوئے۔پچھلے 3روز کے دوران زوجیلا کے آس پاس یہ دوسرا المناک حادثہ ہے۔پہلے حادثے میں کیرالا کے 4سیاح اور گاڑی کے ڈرائیور لقمہ اجل بن گئے تھے۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعرات کوسونہ مرگ سے کرگل جارہی ایک زائلو گاڑی زیر نمبر JK07/1876 پانی متھہ زوجیلا کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو بھائی اور ڈرائیور سمیت5 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا یہ حادثہ دن کے ساڑھے تین بجے اسی مقام کے نزدیک پیش آیا جہاں تین روز قبل سیاحوں کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ کیرالا کے سیاحوں کی گاڑی کو یادو موڑ پر حادثہ پیش آیا جبکہ اسے سے قریب 40فٹ دور پانی متھہ کے نزدیک کرگل جارہی گاڑی حادثے کا شکار ہوئی۔ حادثے کی اطلاع ملنے کے فورا ًبعد سونہ مرگ پولیس، ایس ڈی آر ایف گنڈ کی ٹیم سونہ مرگ ہسپتال سے وابستہ ٹیم کے علاوہ تحصیلدار گنڈ جاوید اقبال ،ایس ایچ او سونمرگ فیاض احمد جائے حادثے کی طرف روانہ ہوگئے اور بچائو کارروائی شروع کی۔ پولیس نے بتایا کہ گاڑی میں صرف 5افراد سوار تھے، جن کی موت موقع پر ہی ہوگئی۔ لاشوں کو نکال کر بعد میںپرائمری ہیلتھ سینٹر سونہ مرگ لایا گیا ۔ پولیس نے جاں بحق افراد کی شناخت محمد حسین ولد جعفر ،محمد امین ولد غلام حسن ،عبدالحادی ولد غلام حسن ،شبیر حسین ولد محمد ابراہیم ساکن سانکو کرگل اورڈرائیور شبیر حسین ساکن بلتی بازار کرگل کے طور پر کی ہے۔ واضح رہے کہ تین روز قبل اسی جگہ پر گاڑی کے ڈرائیور سمیت 5 سیاح جن کا تعلق کیرالا سے تھا،حادثے میں لقمہ اجل بن گئے تھے جبکہ دیگر تین زخمی ہوئے تھے۔ جن میں سے ایک ابھی سکمز صورہ میں زیر علاج ہے۔ چیف ایگزیکٹو کونسلر کرگل فیروز احمد خان نے زوجیلا حادثے میں سانکو کے5 افراد کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔
زوجیلا روڈ کی حالت کا جائزہ
گاندربل میںہنگامی میٹنگ
عظمیٰ نیوز سروس
گاندربل// زوجیلا کے ساتھ اکثر مہلک سڑک حادثات کے جواب میں، ڈپٹی کمشنر گاندربل، شیامبیر نے ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکر کے ساتھ جمعرات کو ایک ہنگامی میٹنگ بلائی تاکہ اس مسئلے کو حل کیا جاسکے اور فوری حفاظتی اقدامات وضع کیے جاسکیں۔ڈپٹی کمشنر نے زوجیلا روڈ پر بلیک سپاٹس کی نشاندہی اور فہرست مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس اقدام کا مقصد سڑک کے حفاظتی اقدامات کو تقویت دینا ہے، بشمول حادثے میں رکاوٹ کی بلندیوں کو بڑھانا اور مرئیت اور بیداری کو بڑھانے کے لیے نشانات اور آئینے لگانا۔سڑک کے حالات کا خود جائزہ لینے کے لیے، تمام اسٹیک ہولڈر محکموں اور ڈپٹی کمشنر پر مشتمل ایک مشترکہ دورہ آج ہوگا۔ یہ مشترکہ کوشش صورتحال کا جامع جائزہ لینے اور مثبت حفاظتی اقدامات کو فوری طور پر نافذ کرنے کی کوشش کرتی ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے سڑک حادثات کو روکا جاسکے۔دریں اثنا، ڈی سی نے زوجیلا پاس پر آج کے المناک سڑک حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔