غلام نبی رینہ
کنگن//زوجیلا میں ایک المناک سڑک حادثے کے دوران 2خواتین سمیت 3 سیاح جان بحق اور ایک کمسن بچی زخمی ہوگئی۔پولیس نے بتایا کہ سونمرگ سے زیرو پوائنٹ زوجیلا جارہی ٹاٹا سومو زیر نمبر 9919/JK13B پانی متھہ پر لڑھک کر تین سو فٹ گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک ہی خاندان کی دو خواتین سمیت تین افراد موقع پر جاں بحق جبکہ ایک کمسن بچی شدید طور پر زخمی ہوگئی ۔ پولیس نے بتایا کہ 67برس کی تندرہ داس زوجہ سنیل کمار، 41برس کی مونا لشیہ زوجہ سریش خان اور 43 برس کے چمپک داس ولد سنیل داس موقع پرلقمہ اجل بن گئے تھے جبکہ 8برس کی کمسن ادریتا خان دختر سریش خان ساکن بلند بنگلور کو شدید چوٹیں آئیں۔ اس حادثے میںڈرائیور معجزانہ طور پر بچ گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اورسونمرگ پولیس کے علاوہ طبی عملہ جائے موقع پر پہنچ گیا اور بچائو کارروائی شروع کی، جس کے بعد زخمی کمسن بچی اور جان بحق ہوئے سیاحوں کو بالتل بیس کیمپ ہسپتال لایا گیا جہاں سے زخمی بچی کو سکمز صورہ منتقل کیا گیا ۔مقامی لوگوںنے بتایا کہ پرائمری ہیلتھ سنٹر سونہ مرگ میں 108نمبر والی ایمرجنسی ایمبولینس کو رکھا گیاہے تاہم اس میں کچھ خرابی پیداہوئی تھی اور ایمبولنس پچھلے ایک ماہ سے سرینگر ورکشاپ میں پڑی ہوئی ہے۔ہسپتال میں ایمبولنس کی غیر موجودگی کی وجہ سے مریض کو ریفر کرنے اور ایمرجنسی کے دوران مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ مقامی لوگوں نے محکمہ صحت کے کمشنر سیکریٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ سونمرگ ہسپتال میں چوبیس گھنٹے ایمبولینس دستیاب رکھی جائے چاہئے تاکہ ایمرجنسی یا ایسے حادثات رونما ہونے کے دوران مریض کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔