جموں// پروفیسر نذیر ا حمد گنائی، وائس چانسلر، سکواسٹ کشمیر نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور انہیں زرعی یونیورسٹی کے کام کاج سے آگاہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے وائس چانسلر سے کہا کہ وہ یونیورسٹی کو تعلیمی، اختراعات اور تحقیقی سرگرمیوں میں کامیابی کی بلندیوں پر لے جانے کی کوشش کریں۔انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ تحقیقی سرگرمیوں کو لیبز سے لے کر فیلڈ تک لے جانے پر خصوصی توجہ دیں تاکہ کسانوں کو ان کی پیداوار اور آمدنی بڑھانے کے لیے بہترین سائنسی طریقے فراہم کیے جائیں۔ادھرعاقب رینزوشا، کارپوریٹر وارڈ3برین، سرینگر کی قیادت میں ایک وفد نے منوج سنہا سے ملاقات کی۔کارپوریٹر نے لیفٹیننٹ گورنر کو سری نگر میونسپل کارپوریشن کے کام کاج سے آگاہ کرنے کے علاوہ اپنے حلقہ کے نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی بہترین سہولیات کا مطالبہ بھی پیش کیا۔ وفد کے ارکان نے پراسیکیوٹنگ آفیسر (مینز)کے امتحان کو ملتوی کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوان کارپوریٹر پر زور دیا کہ وہ عوامی اہمیت کے مسائل کو اٹھانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔ انہوں نے وفد کے ارکان کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبے پر متعلقہ حکام میرٹ پر مناسب کارروائی کریں گے۔