سری نگر//مرکزی جوائنٹ سیکرٹری ایم آئی ڈی ایچ اور منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل ہارٹی کلچر بورڈ ،وزارتِ اِمداد زراعت اور بہبود کساناں راج بیر سنگھ پنور جموں وکشمیر یوٹی کے دو روزہ دورے پر یہاں پہنچے ۔اُن کا والہانہ اِستقبال ڈائریکٹر جنرل ہارٹی کلچر و مشن ڈائریکٹر ایم آئی ڈی ایچ اعجاز احمد بٹ نے کیا۔مرکزی جوائنٹ سیکرٹری نے آج زعفران پارک پانپور کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے زعفران مشن کے تحت سہولیات کا معائینہ کیا۔بعد میں جوائنٹ سیکرٹری نے ڈائریکٹر جنرل ہارٹی کلچر اور محکمہ کے دیگر اَفسران کے ہمراہ زووراسری نگر میں سینٹر آف ایکسی لینس کا دورہ کیا۔اِس موقعہ پر ڈی جی ہارٹی کلچر نے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری کو سینٹر آف ایکسی لینس کے قیام کے مقصد سے متعلق جانکاری دی۔یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ سینٹر آف ایکسی لینس سینٹرل سپانسرڈ سکیم ایم آئی ڈی ایچ کے تحت 924 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے قائم کیا جارہا ہے ۔ڈی جی ہارٹی کلچر نے کہا ” سینٹر آف ایکسی لینس ( سی او اِی ) مائیکرو آبپاشی ،ہائی ٹیک گرین ہاﺅسز ، ٹشو کلچر لیبارٹریوں اور موسم کی پیش گوئی کے سٹیشن کے ساتھ ساتھ وادی کے باغات کے لئے اعلیٰ معیار کے پودے لگانے کے مواد کے ایک ذریعے کے طورپر کام کرتا ہے۔“مرکزی جوائنٹ سیکرٹری نے مختلف اجزاءکے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور رواں سال کے دوران اِس منصوبے کو مکمل کرنے اور سی او اِی کو ایک خود کفیل ماڈل بنانے کی بھی ہدایت دی جو پودوں کے معیاری مواد باغات کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے ایک مرکز کے طور پر کام کرے گی۔دریں اثناءڈی جی ہارٹی کلچر نے جموںوکشمیر میں اس طرح کے مزید ” سینٹر آف ایکسی لینس “ کے قیام کی درخواست کی۔